آندھرا پردیش میں آج سے اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں۔ تعلیمی سال 2020-21 کو 30 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے۔ کارپوریٹ اور پرائیویٹ اسکولز ہنوز نہیں کھولے گئے ہیں۔
حیدرآباد: آندھرا پردیش میں آج سے اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں جس کے لئے تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
تعلیمی سال 2020-21 کو 30 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اسکولز مرحلہ وار طور پر کھلیں گے۔ روزانہ کے شیڈول سے لے کر مڈ ڈے میل تک کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ کووڈ – 19 کی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی پروٹوکول پر عمل کیاجائے۔ نویں اور دسویں جماعتوں کی کلاسز کا آج سے آغاز ہوا۔ صبح میں پرنسپلز کی جانب سے کورونا سے متعلق بیداری پیدا کی گئی۔
کارپوریٹ اور پرائیویٹ اسکولز ہنوز نہیں کھولے گئے ہیں۔ ریاست میں کورونا کے معاملات میں کمی کے پیش نظر ریاستی حکومت نے اسکولز کھولنے کا فیصلہ لیا ہے۔ریاست میں مرحلہ وار طور پر اسکولز کھولے جائیں گے۔
مارچ میں کورونا کے پیش نظر ریاست کے تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے تھے۔ طلبہ ہر متبادل دن دوپہر تک جماعتوں میں شرکت کریں گے۔ ہر کلاس روم میں صرف 16 طلبہ تک گنجائش رکھی گی ہے۔ اس کے لئے سماجی دوری کے پروٹوکول پر عمل کیاجائے گا۔ ماسک پہننا، ہاتھ دھونا اور جسمانی دوری برقرار رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے جس پر ہر بچہ عمل کررہا ہے۔ کلاسز کا آغاز صبح 9.15 بجے ہوا جو 1.45 تک چلائی جارہی ہیں۔ دوپہر میں اُن طلبہ کے لئے آن لائن کلاسس چلائی جارہی ہیں جو اسکولس نہیں آرہے ہیں۔
اقامتی اسکولز میں 23 نومبر تک ہاسٹل کی سہولت دستیاب
تعلیمی سال 2020-21 کو 30 اپریل تک بڑھا دیا گیا ہے جس میں جملہ 180دن کام کے ہوں گے۔ گھر میں رہنے کو ترجیح دینے اور آن لائن تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے لئے بھی متبادل انتظامات کئے گئے ہیں اور ٹیکنالوجی تک طلبہ کی دستیابی کی بنیاد پر یوٹیوب چینل اور دوردرشن کے ساتھ مخصوص موبائل ایپس شروع کئے گئے ہیں۔ جہاں تک اقامتی اسکولس کا تعلق ہے ان میں 23 نومبر تک ہاسٹل کی سہولت دستیاب رہے گی اور ان طلبہ کو ترجیح دی جارہی ہے جن کے پاس رہنے کے لئے متبادل جگہ نہیں ہے۔