عید میلاد النبی کا جشن کافی جوش و خروش لیکن حفاظتی اقدامات و احتیاطی تدابیر کے ساتھ منایا گیا

عالم اسلام میں جشن عید میلاد النبی جوش و خروش سے منایا گیا۔ عروس البلاد ممبئی میں سخت پولیس بندوبست میں عید میلادالنبی کا جلوس نکلا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور پرینکا و راہل گاندھی نے اس موقعے پر دی مبارکبادی

ممبئی / دہلی: عید میلاد النبی کا جشن پورے ملک و دنیا کے کئی ممالک میں جمعرات کے دن اور بعض ممالک بشموم برصغیر ہندو پاک میں آج کے دن پڑے تزک احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ کرونا وائرس وبا کی وجہ سے جلوسوں کا زیادہ اہتمام نہیں ہوا، مگر جہاں بھی جلوس نکلے عقیدت مند ماسک میں نظر آئے۔

ممبئی میں سخت پولیس بندوبست میں جلوس عید میلادالنبی ﷺ نکلا۔ جنوبی ممبئی میں واقع تاریخی خلافت ہاؤس میں شمع رسالت کے پروانوں کا جوش وجذبہ برقرارنظرآیا واضح رہے کہ خلافت کمیٹی کے زیر اہتمام عید میلادالنبی ﷺ کے جلوس کے 10 قائدین کے لیے ممبئی پولیس کے ایک ہزار سے زائد افسران، جوان اور اہلکار خلافت ہاؤس پر اور آس پاس تعینات کیے گئے تھے۔ جوکہ ایک رنگ برنگے پھولوں سے سجی ٹرک میں روانہ ہوئے۔

جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقوں بھنڈی بازار، مدنپورہ، ہنس روڈ، اگری پاڑہ، ناگپاڑہ، محمدعلی روڈ، جے جے جنکشن، پائیدھونی اور کرافورڈ مارکیٹ اور محلوں کو پولیس چھاؤنی میں تبدیل کردیا گیا تھا۔

شہر اور مضافاتی مسلم علاقوں میں چپے چپے پر باوردی اور سادہ لباس میں ہزاروں پولیس اہلکاروں کو مسلمانوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لیے مقرر کیا گیا تھا بیشتر اپنے موبائل فون سے ویڈیو گرافی کرہے تھے۔ عید میلاد کے موقع پر پولیس کی سختی کا اثر نظر آیا، لیکن مسلمانوں کا عقیدت، محبت اور جذبہ میں کوئی فرق نظر نہیں آرہا تھا۔

آل انڈیا خلافت کمیٹی کے احاطہ میں واقع ہال میں ایک چھوٹے سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عالم دین اور ہندوستانی مسجد بائیکلہ کے پیش امام وخطیب مولاناجبار ماہر القادری نے حضور ﷺ کی حیات طیبہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے مائیکل ایچ ہارٹ کی کتاب ہنڈریڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مصنف نے دنیا کی سو ایسی شخصیات کی فہرست بنائی اور ان میں حضور ﷺ کو اول مقام دیا ہے۔ مائیکل ایچ ہارٹ نے آپ کے بارے میں کہا ہے کہ ابتداء میں جب حضور نے نبوت کا اعلان کیا تو ان پر صرف چار افراد نے ایمان لایا، لیکن آج 1400 سال گزر جانے پر دنیا میں دیڑھ ارب سے زیادہ لوگ اللہ اور اس رسول ﷺ پر ایمان لا چکے ہیں اور ہر روزاُن کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام کے ماننے والوں کے لیے اللہ پر ایمان کے ساتھ ساتھ رسول اللہ پر بھی یقین ضروری ہے۔ اللہ کا فرمان ہے کہ اطیعواللہ واطیعو الرسول۔ اس سے قبل حافظ سید اطہر علی نے رسول اللہ ﷺ کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی اور واضح طور پر کہاکہ مسلمان کبھی بھی اپنے محبوب ﷺ کے بارے میں اہانت برداشت نہیں کرسکتا ہے۔

اس موقع پرمولانا خلیل الرحمن نوری نے فرانس کے صدر میکرون کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انہیں اظہاررائے کی آزادی کے نام پر دیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات کا بھی خیال نہیں ہے کیونکہ انہیں محبت رسول ﷺ کا پتہ نہیں ہے۔ اس کے لیے ایک عاشق رسول ﷺ اپنی جان بھی نچھاورکردیتا ہے۔ اس لیے انہیں اس معاملہ میں ہوش کے ناخن لینا چاہیے۔

ابتداء میں خلافت کمیٹی کے چیئرمین سرفراز آرزو نے مہمانوں کا استقبال کیا اورپولیس کی سختی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جلوس کی اجازت کے لیے تعاون کرنے والے لیڈران اور عوامی نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔

ہاشمیہ ہائی اسکول کے پرنسپل مولانا رضوان خان نے سیرت النبی ﷺ پر اظہار خیال کرتے ہوئے مائیکل ہا رٹ کی کتاب کے اقتسابات پیش کیے اور کہاکہ ہارٹ کا کہنا ہے کہ آپ ﷺ کی زندگی کے ہر ایک پہلو کو پیش کیا جاسکتا ہے بلکہ ریکارڈ موجود ہے۔

اس تقریب میں اہم مسلم شخصیات اور عوامی نمائندے ایم ایل اے امین پٹیل، ایم۔ ایل اے رئیس شیخ، کانگریس ترجمان نظام الدین، راعین، میمن کیمونٹی کے سربراہ اقبال میمن، کارپوریٹر جاویدجنیجا، نعت گو تاج قریشی، اور دیگر معززین شامل تھے۔

مسلم محلوں میں جگہ جگہ استقبال کیا گیا۔ حالانکہ اسٹیج کی اجازت نہیں دی گئی تھی، لیکن جگہ جگہ جلوس کے قائدین کا شاندار استقبال کیا گیا۔ نعرے تکبیر اللہ اکبر اور نعرہ رسالت یا رسول اللہ ﷺ سے فضاء گونج اٹھی۔

شہرمیں ریاستی حکومت نے دو ہی جلوس کی اجازت دی تھی۔ خلافت کمیٹی کے علاوہ سینٹرل عید میلادالنبی کمیٹی گھاٹ کوپر کے زیر اہتمام عارف نسیم خان، سابق وزیر کی قیادت میں جلوس نکلا۔ امیرسنی دعوت اسلامی شاکر نوری نے قیادت کی جبکہ سابق ایم پی مولانا عبیداللہ اعظمی نے خیالات کا اظہار کیا۔

میلاد النبی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی مبارکباد

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز میلاد النبی کے موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر لوگوں کو ایک پیغام دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ، ‘میلاد النبیabi پر نیک خواہشات۔ امید ہے کہ اس دن سے تمام ممالک میں ہمدردی اور بھائی چارے کو مزید فروغ ملے گا۔ سب صحت مند اور خوش و خرم رہیں۔ عید مبارک!’

میلادالنبی پر راہل گاندھی اور پرینکا کی مبارکباد

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جمعہ کے روز میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک کے باشندوں کو مبارکباد پیش کی مسٹر راہل گاندھی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ "سب کو عید میلاد النبی مبارک ہو۔ امید ہے کہ اس تہوار سے ہم سب کے درمیان پیار اور بھائی چارے میں اضافہ ہوگا۔ عید میلاد النبی مبارک ہو”۔

محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا کہ "آپ سب کو عید میلاد النبی مبارک ہو۔ اس تہوار سے معاشرے میں بھائی چارے، ہمدردی اور محبت کا پیغام ملتا ہے”