درخواست گزار کشیپ نے اپنے خلاف درج کی گئی تمام پانچ فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) کی سماعت کو یکجا کرنے کا مطالبہ کیا ہے
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ہندی بولنے والے تارکین وطن مزدوروں پر حملوں سے متعلق فرضی ویڈیوز پھیلانے کے الزام میں گرفتار منیش کشیپ کی عرضی پر منگل کو مرکز کے ساتھ بہار، تمل ناڈو کی حکومتوں کو نوٹس جاری کیا۔
درخواست گزار کشیپ نے اپنے خلاف درج کی گئی تمام پانچ فرسٹ انفارمیشن رپورٹس (ایف آئی آر) کی سماعت کو یکجا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جسٹس کرشنا مراری اور جسٹس سنجے کرول کی بنچ نے کشیپ کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سدھارتھ دیو اور متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد نوٹس جاری کیا۔
مسٹر دیو نے بنچ کے سامنے عرض کیا کہ ان کے موکل کو دو ریاستوں میں پانچ مقدمات کا سامنا ہے۔
صحافی ارنب گوسوامی کے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک جرم کئی مقدمات کو جنم نہیں دے سکتا۔ انہوں نے عدالت سے گزارش کی کہ وہ ہدایت دے کہ بہار میں ایف آئی آر کو مرکزی ایف آئی آر بنایا جائے اور دیگر تمام معاملات کو وہاں منتقل کیا جائے۔
مسٹر دیو نے بنچ کو بتایا کہ ان کے موکل کو تمل ناڈو لے جایا گیا جہاں وہ زبان نہیں سمجھ پا رہے تھے۔
تمل ناڈو حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ یہ کوئی سادہ معاملہ نہیں ہے۔ کشیپ کو پہلے ہی قومی سلامتی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا جا چکا ہے۔
مسٹر سبل نے بنچ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں جواب داخل کرنے کے لیے وقت مانگے۔
بنچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد مرکز، تمل ناڈو اور بہار حکومتوں کو ایک ہفتہ کے اندر اپنے جواب داخل کرنے کا حکم دیا اور معاملے کی مزید سماعت 21 اپریل کو مقرر کی۔
قبل ازیں کشیپ کو مدورائی کی ایک عدالت نے عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔