وزیر اعظم نریندر مودی 30 دسمبر کو اس روٹ پر وندے بھارت ایکسپریس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے
کولکتہ: مغربی بنگال میں ہاوڑہ اور نیو جلپائی گوڑی کے درمیان چلنے والی تیز رفتار ٹرین وندے بھارت ایکسپریس کا ٹرائل پیر کی صبح ہاوڑہ اسٹیشن سے شروع ہوا۔
وندے بھارت ٹرین اپنے آزمائشی رن میں ہوڑہ اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 22 سے صبح 5-55 بجے روانہ ہوئی۔ جب یہ بیر بھوم کے رام پورہاٹ اسٹیشن پر پہنچی تو وہاں لوگوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ حالانکہ رامپورہاٹ میں حالانکہ کوئی اسٹاپیج طے نہیں ہے، لیکن آج ٹرین دو منٹ کے لیے رکی۔ اس دوران موبائل فون پر ٹرین کے ساتھ سیلفی لینے کی ہوڑ لگ گئی۔
وزیر اعظم نریندر مودی 30 دسمبر کو اس روٹ پر وندے بھارت ایکسپریس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
مشرقی ریلوے کے ترجمان ایکلویہ چکرورتی نے کہا کہ 16 کوچ والی وندے بھارت ایکسپریس ہفتے میں چھ دن ہوڑہ اور نیو جلپائی گوڑی اسٹیشنوں کے درمیان چلے گی۔ اس جدید ترین ٹرین کو چنئی میں ریلوے کی انٹیگرل کوچ فیکٹری میں تیار کیا گیا ہے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ 1128 مسافر سوار ہو سکتے ہیں۔ وندے بھارت ایکسپریس 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن اب یہ 120-130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی اور صرف آٹھ گھنٹے میں اپنا سفر مکمل کرلے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ٹرین صبح 6 بجے ہوڑہ اسٹیشن سے روانہ ہوگی اور 13.30 بجے نیو جلپائی گوڑی پہنچے گی۔ ایک گھنٹے کے رکنے کے بعد یہ 14.30 بجے نیو جلپائی گوڑی اسٹیشن سے نکلے گی اور 22.00 بجے ہوڑہ پہنچے گی۔