روسی صدر کا یوکرین میں تمام اہداف پورے کرنے کا عزم

دفاعی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کے دوران پوتن نے کہا روس یوکرین میں اپنی فوجی مہم کے تمام اہداف کو پورا کرے گا

ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین میں تمام اہداف پورے کرنے کا عزم دہرایا۔

تفصیلات کے مطابق ماسکو میں روسی وزارتِ دفاع کے ہیڈ کوارٹرز دفاعی سربراہان کے اجلاس سے خطاب کے دوران روسی صدر نے کہا روس یوکرین میں اپنی فوجی مہم کے تمام اہداف کو پورا کرے گا۔

ہیڈکوارٹرز میں نئے اور جدید ہتھیاروں کی نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا، روسی صدر پیوٹن نے ڈرونز، ایس یو ویز، بکتر بند اور نائٹ وِژن آلات دیکھے۔

روسی صدر نے کہا کہ نیٹو کے تقریبا تمام ممالک کی فوجی طاقت روس کے خلاف استعمال ہوئی ہے، نیٹو کا فوجی اتحاد روس کے خلاف اپنی پوری صلاحیتوں کا بھر پور استعمال کر رہا ہے۔

بدھ کے روز انھوں نے کہا کہ روسی فوج کو یوکرین میں درپیش مسائل سے سبق سیکھنا چاہیے اور ان کو حل کرنا چاہیے، پیوٹن نے وعدہ کیا کہ یوکرین جنگ کو دس مہینے پورے ہو رہے ہیں، فوج کو یہ جنگ آگے لے جانے کے لیے جس چیز کی ضرورت ہوگی وہ فراہم کی جائے گی۔

روسی صدر نے کہا کہ ہمارے پاس فنڈنگ کی کوئی کمی نہیں ہے، ملک اور حکومت وہ سب کچھ فراہم کر رہے ہیں جو فوج مانگتی ہے۔ پیوٹن نے دفاعی سربراہان سے خطاب میں فوج کو درپیش کئی مسائل کے حوالے سے کہا کہ فوج کو تعمیری تنقید پر توجہ دینی چاہیے۔