پاکستان میں ایک بازار میں گیس سلنڈر پھٹنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک، ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے
اسلام آباد: پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں ایک بازار میں گیس سلنڈر پھٹنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہو گئے۔
میڈیا نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ ضلع لسبیلہ کے ڈپٹی کمشنر مراد خان نے میڈیا کو بتایا کہ پیر کو ایک دکان میں ری فلنگ کے دوران سلنڈر پھٹ گیا جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور آگ قریبی دکانوں میں پھیل گئی۔
افسران کے مطابق، جھلسنے والے 25 افراد کو کراچی کے جنرل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، تاہم زخمیوں میں سے 12 پیر کی رات زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔
اہلکار نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اس دھماکے سے لگنے والی آگ کی وجہ سے دکان میں رکھے دیگر سلنڈر بھی اس کی لپیٹ میں آ گئے جس سے مزید دھماکہ ہوا اور آس پاس کی چار دکانیں اور قریب کھڑی 12 کے قریب گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔