ایک سروے میں یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ جاپانی عوام کی اکثریت ہم جنس پرست جوڑوں کی حامی ہے، سال 2021 میں کیے گئے سروے کے مطابق 57 فیصد لوگ اس کے حق میں ہیں جبکہ 37 فیصد اس کے خلاف
ٹوکیو: جاپان نے ہم جنس پرست جوڑوں کے لیے ایک پارٹنرشپ سرٹیفکیٹ اسکیم شروع کی ہے جس سے انہیں پہلی بار کچھ عوامی خدمات کے لیے شادی شدہ جوڑوں کے طور پر مانا جاسکتا ہے۔
کچھ لوگوں کو امید ہے کہ یہ جاپان بھر میں مساوات کو اپنانے کی طرف ایک قدم ہو سکتا ہے۔ جاپان اس وقت ترقی یافتہ ممالک کے جی-7 گروپ میں واحد ملک ہے جو ہم جنس یونینوں کو تسلیم نہیں کرتا۔
اکثریت ہم جنس شادی کی حامی
ایک سروے میں یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ جاپانی عوام کی اکثریت ہم جنس شادی کی حامی ہے۔ سال 2021 میں جاپان کے سماجی نشریاتی ادارے این ایچ کے کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق 57 فیصد لوگ اس کے حق میں ہیں جبکہ 37 فیصد اس کے خلاف۔
وسیع حمایت کے باوجود، جاپان میں اوساکا کی ایک ضلعی عدالت نے اس سال کے شروع میں فیصلہ سنایا تھا کہ ہم جنس شادی پر موجودہ پابندی آئینی تھی۔ اس کے بعد اکتوبر میں، حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک مقامی نمائندے نوبورو وتنبے نے ہم جنس شادی کو قابل نفرت قرار دیا تھا۔ ان تبصروں کو بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اساہی سنبن نیوز سائٹ کے مطابق، ٹوکیو میٹروپولیٹن ایریا میں شروع کی جارہی اسکیم کو پہلی بار سال 2015 میں اس کے ایک ضلع میں قائم کیا گیا تھا، جو میٹروپولیٹن علاقے کے مغرب میں مزید نو وارڈز اور چھ شہروں تک پھیل گئی تھی۔ نئی میٹروپولیٹن وسیع اسکیم دارالحکومت کے تمام علاقوں اور 1.4 کروڑ لوگوں تک پہنچے گی۔
جاپان میں آٹھ دیگر صوبوں میں متعارف کرائی گئی پارٹنرشپ سرٹیفکیٹ ہاؤسنگ، ادویات اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں ہم جنس پرستوں کو شادی شدہ جوڑوں کی طرح برتاؤ کرنے کی اجازت دے گی، لیکن یہ گود لینے، وراثت اور میاں بیوی کے ویزا جیسے امورمیں مدد نہیں کرے گی۔
ٹوکیو میں رہنے یا کام کرنے والا 18 سال سے زیادہ عمر کا کوئی بھی فرد اس کے لئے درخواست دے سکتا ہے، جس میں جمعہ تک 137 درخواستیں جمع کی جاچکی ہیں۔