جھنجھنو ضلع کے کجرا گاؤں میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے مجسمے کو توڑنے کا معاملہ سامنے آیا ہے
جھنجھنو: راجستھان کے جھنجھنو ضلع کے کجرا گاؤں میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے مجسمے کو توڑنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کل رات توڑ پھوڑ کی گئی اس مجسمے کے معاملے میں گاؤں کے مکیش گرجر نے ذمہ داری لی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مکیش گرجر کی جانب سے مجسمے کو توڑنے سے پہلے اسٹیٹس بھی لگائی گئی تھی۔ مکیش گرجر نے واٹس ایپ اسٹیٹس کے بعد مورتی توڑنے کی دھمکی دی تھی۔ مورتی کو توڑنے کے بعد مکیش گرجر کی طرف سے دھمکی بھی دی گئی کہ کوئی روک سکتا ہے تو روک لے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں جائے واقع پر جمع ہوگئے اور کارروائی کا مطالبہ کرنے لگے۔ اس سلسلے میں گاؤں والوں نے پیلانی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔
واضح رہے کہ اس مجسمے کی تعمیر سابق کابینہ وزیر پدم شری آنجہانی شیش رام اولا نے 1990 میں کروائی تھی۔ کجرا گرام پنچایت کے سرپنچ کے نمائندے منجیت سنگھ تنور نے بتایا کہ دیر رات تقریباً 10 بجے گاؤں میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی مورتی کو کچھ سماج دشمن عناصر نے توڑ پھوڑ کی۔ جس کے بعد گاؤں والوں نے سرپنچ کو اطلاع دی۔ سرپنچ نے جائے واقع پر موجود پیلانی پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔