کانگریس کے ترجمان گورو ولبھ نے اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حقیقی جی ڈی پی میں اضافہ نہیں ہو رہا ہے اور عالمی بازار میں گراوٹ کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم نہیں ہو رہی ہیں
نئی دہلی: کانگریس نے حکومت سے ایندھن کی قیمتوں کو بین الاقوامی بنیادوں پر طے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح عالمی بازار میں خام تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی آئی ہے اس کی بنیاد پر پٹرول اور ڈیزل 15-15 اور گیس سلنڈر میں 150 روپے کی فوری طور پر کمی کی جانی چاہیے۔
کانگریس کے ترجمان گورو ولبھ نے اتوار کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حقیقی جی ڈی پی میں اضافہ نہیں ہو رہا ہے اور عالمی بازار میں گراوٹ کے باوجود پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم نہیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بازار میں ایندھن کی قیمتیں سات ماہ کی کم ترین سطح پر ہیں اور حکومت کو اس کا فائدہ عوام تک پہنچانا چاہئے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت عالمی بازار میں خام تیل کی قیمتوں کے مطابق ایندھن کی قیمت کم نہیں کرتی بلکہ الیکشن کے مطابق کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو آدھی رات کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھ جاتی ہے اور اگر عالمی بازار میں خام تیل کی قیمت کم ہوتی ہے تو مودی سرکار خاموشی اختیار کرلیتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گزشتہ 3 ماہ میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 13.33 فیصد کمی آئی ہے اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ کسان اور ملک کو ملنا چاہیے۔ اس کے مطابق اگر حکومت ایمانداری سے کام کرے تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فوری طور پر 15 سے 20 روپے کی کمی ہو سکتی ہے اور اس کا فائدہ ملک کے عوام کو ملنا چاہیے۔