نیٹ امتحان میں بہترین رینک لاکر بہار کے ضلع سیتامڑھی کے بھائی اور بہن نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ علاقہ کا بھی نام روشن کیا ہے
نئی دہلی: نیٹ امتحان میں بہترین رینک لاکر بہار کے ضلع سیتامڑھی کے نانپور بلاک کے تحت پنڈول بزرگ پنچایت کے بھائی اور بہن نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ علاقہ کا بھی نام روشن کیا ہے۔
بھائی محمد سراج احمد نے جہاں ایم بی بی ایس کے داخلہ ٹیسٹ نیٹ (NEET) میں 720 میں سے 652 نمبر حاصل کر کل ہند سطح پر بہتر مقام حاصل کیا ہے، وہیں بہن کنیز فاطمہ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پی ایچ ڈی (ایجوکیشن) کے داخلہ امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔
محمد سراج احمد اور کنیز فاطمہ دونوں نے ہی پرائمری تعلیم گاؤں کے سرکاری اسکول میں حاصل کی۔ اس کے بعد سراج نے چھٹی کلاس سے دسویں کلاس تک جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسکول سے اور بارہویں کی تعلیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اسکول سے مکمل کی اور ہمیشہ امتیازی نمبروں سے پاس ہوئے۔ جب کہ کنیز فاطمہ نے بہار بورڈ سے بارہویں کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ میں داخلہ لیا اور اب تک بی اے، بی ایڈ اور ایم اے ایجوکیشن کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے سی ٹیٹ (CTET) اور نیٹ (NET) کے امتحانات بھی پاس کئے ہیں۔
پیشے سے کسان والد محمد بدر عالم (محمد دلارے) نے بتایا کہ دونوں ہی بھائی بہن بچپن سے ہی نہایت سنجیدہ اور محنتی ہیں اور یہی ان کی کامیابی کا راز ہے۔ ان دونوں نے اپنی اس کامیابی پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے خدا کا شکر ادا کیا اور کہا کہ اس کامیابی میں والدین اور بڑے بھائی محمد نیاز احمد مصباحی کی بہتر تربیت، رہنمائی اور سرپرستی کافی اہم رہی ہے۔ ان دونوں نے تمام اعزہ و اقربا اور خیرخواہوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔