بلڈوزر بی جے پی سے منتخب بہار ایم ایل سی ڈاکٹر دلیپ جیسوال کے ایم جی ایم میڈیکل کالج کے سامنے چلا، بی جے پی ضلع صدر سوشانت گوپ کا گھر محفوظ
کشن گنج میں ایم جی ایم میڈیکل کالج کے سامنے جمعہ کو درجنوں دکانوں پر بلڈوز چلا دیا گیا۔ نگر پریشد کی جانب سے کی گئی کارروائی سے ان لوگوں میں خوف کی فضا پیدا ہو گئی ہے، جنہوں نے سرکاری زمین پر مبینہ طور پر غیر قانونی آباد کاری کر رکھی ہے۔
بلڈوزر چلانے کی یہ کارروائی جمعہ کے روز ماتا گجری میڈیکل کالج (ایم جی ایم) کے سامنے نگر پریشد نے کی تھی۔ ایم جی ایم میڈیکل کالج اتر دیناج پور روڈ پر واقع ہے جس کے سامنے بتایا جارہا ہے کہ سرکاری زمین پر غیر قانونی مکانات اور دکانیں بنی ہوئی تھیں۔
دوسری طرف بلڈوزر چلانے کی اس کارروائی کی مخالفت کرنے والے بہت سے لوگ اس کارروائی کو وزیر داخلہ امت شاہ کے آئندہ (اسی ماہ) دورۂ کشن گنج سے جوڑکر دیکھ رہے ہیں۔ کیونکہ بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی کے ضلع صدر سوشانت گوپ کا گھر بھی ہے، جس پر بلڈوزر کی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ اپنے کشن گنج دورے کے دوران ایم جی ایم کے گیسٹ ہاؤس میں قیام کرنے والے ہیں، جس کے سامنے بلڈوزر چلا کر تجاوزات کو ہٹا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ایم جی ایم میڈیکل کالج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر دلیپ جیسوال ہیں، جو بی جے پی سے بہار کی قانون ساز کونسل کے رہن بھی ہیں۔
بلڈوزر کی اس کارروائی کو کئی وجوہات کی بنا پر خوف کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے، ان میں سے چند اہم یہ ہیں:
- اتر پردیش سے لے کر دہلی اور دیگر کئی ریاستوں تک بی جے پی کی زیر حکومت کسی بھی ریاست یا انتظامیہ میں زمینی تجاوزات اور غیرقانونی تعمیر و قبضہ کو ہٹانے کے لیے حالیہ دنوں میں بلڈوزر چلانے والی سخت موقف اختیار کرنے والی جماعت کے طور پر معروف ہوگئی ہے۔
- بلڈوزر کی یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب وزیر داخلہ امت شاہ اسی ماہ شہر (کشن گنج) کا دورہ کرنے والے ہیں۔
- بلڈوزر چلانے کی یہ کارروائی ایم جی ایم میڈیکل کالج کے سامنے کی گئی ہے جس کے مالک اور ڈائریکٹر ڈاکٹر دلیپ جیسوال ہیں اور جو بی جے پی سے بہار کے ایم ایل سی ہیں۔
- اطلاعات کے مطابق، بی جے پی کی مرکزی قیادت سیمانچل کے راستے بہار میں اپنی سیاسی رسائی حاصل کرنے کی تیاری کر رہی ہے اور ایک ماہ کے اندر کئی مرکزی وزراء کا یکے بعد دیگرے سیمانچل کا دورہ اس بات کی نشاندہی کررہی ہے۔
- مرکزی وزیر سادھوی نرنجن جیوتی، قومی کمیشن برائے شیڈول کاسٹس کی رکن انجو بالا کے بعد، وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے کا ایک ہفتے کے اندر سیمانچل کا دورہ ہو چکا ہے۔
- ذرائع کے مطابق، ستمبر کے مہینے میں پورنیہ میں وزیر داخلہ امت شاہ ایک جلسہ عام کو خطاب کرنے والے ہیں۔
- وزیر داخلہ امت شاہ کے جلسہ عام کو بہار میں اپنی مخصوص سیاسی تحریک کے آغاز کو طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں وزیر داخلہ امت شاہ 23 ستمبر کو ایک جلسہ عام میں شرکت کریں گے وہیں وزیر داخلہ 24 ستمبر کو کشن گنج میں بھی قیام کریں گے۔ اور ایسا سمجھا جا رہا ہے کہ جناب امت شاہ یہاں سے مشن بہار شروع کریں گے۔
امت شاہ کے آنے کی وجہ سے بلڈوزر کی کارروائی
سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ امت شاہ کے آئندہ کشن گنج دورہ کی وجہ سے بلڈوزر کی کارروائی سے کشن گنج ضلع انتظامیہ نے تعمیری تجاوزات ہٹانے کے بہانے سیکڑوں غریبوں کے گھر اجاڑ دیے ہیں اور روزی روٹی کے واحد ذریعہ پر بلڈوزر چلا دیے ہیں۔
حالانکہ یہ مہم آج سنیچر کے روز روز بھی جاری رہی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعمیری تجاوزات کرنے والوں کو 25 اگست کو نوٹس دے کر زمین خالی کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔ اس کے بعد 31 اگست کو بھی بذریعہ لاؤڈ اسپیکر اس بات اعلان کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود سرکاری اراضی پر تجاوزات کو خالی نہیں کیا گیا تھا۔ جمعہ کے روز موسم خراب ہونے کے باوجود شہر کا انتظامیہ بڑی تعداد میں پولیس فورس کے ساتھ پہنچا اور کارروائی کرتے ہوئے تمام دکانوں کو مسمار کر دیا۔
چند لوگ اپنی دکانوں سے سامان ہٹانے کے لئے مہلت مانگتے ہوئے بھی نظر آئے لیکن انتظامیہ نے ایک نہیں سنی۔ یہ کارروائی نگر پریشد کے ایگزیکٹو آفیسر دیپک کمار اور سی او سمیر کمار کی نگرانی میں کی گئی۔ کارروائی سے متعلق گہماگہمی اور شش و پنج کافی دیر تک جاری رہا۔
ہائی کورٹ کے حکم پر ہوئی کارروائی
نگر پریشد کے ایگزیکٹو آفیسر دیپک کمار کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ہائی کورٹ کے حکم پر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکندر سنگھ نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرکے سرکاری زمین پر ناجائز قبضے کا معاملہ اٹھایا تھا۔ اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے ایس ڈی ایم کو تعمیل کی معلومات کے لیے طلب کیا تھا۔ تجاوزات سے خالی کرانے کے لیے ایس ڈی ایم امیتابھ کمار گپتا نے چھ رکنی ٹیم تشکیل دی تھی اور سرکاری اراضی کو بلا تاخیر خالی کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔
سی او سمیر کمار کے مطابق آج ہفتہ کو دوسرے دن بھی کھگرہ میلہ گیٹ سے سرکٹ ہاؤس تک کی تجاوزات کو خالی کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ لوگوں کو مناسب اطلاع دے دی گئی ہے۔
سرکاری سڑک پر بنائے گئے مکان کی شکایت پر کارروائی
ہندی روزنامہ بھاسکر کی رپورٹ کے مطابق ایم جی ایم کے سامنے کاروائی کرتے ہوئے ٹیم دلاور گنج وارڈ نمبر 10 پہنچی۔ بڑی تعداد میں پولیس فورس کے ساتھ جے سی بی گاڑیوں کے قافلے کو دیکھ کر آس پاس کے لوگ بھی بڑی تعداد میں جمع ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق مقامی بھاسکر مشرا نے نگر پریشد میں شکایت درج کرائی تھی کہ سرکاری سڑک 20 فٹ چوڑی ہے۔ لیکن لوگوں کی جانب سے سڑک پر مکانات و دکان بنانے کی وجہ سے سڑک سکڑ کر آٹھ فٹ رہ گئی ہے۔ شکایت کی تصدیق پر الزامات کے درست ہونے کے بعد ٹیم کاروائی کرنے پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق کئی لوگوں نے سرکاری سڑک پر گھر اور گیراج بنا رکھے تھے۔ این پی کے ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ اسے اب ہٹا دیا جائے گا۔ تحریری طور پر سات دن کا وقت دے کر این پی کے ایگزیکٹیو آفیسر نے کہا کہ اگر وقت پر سرکاری اراضی خالی نہیں کرائی گئی تو انتظامیہ نہ صرف کاروائی کرے گا بلکہ مکان گرانے پر آنے والے اخراجات کی رقم بھی وصول کرے گا۔
بی جے پی کا مشن سیمانچل
کشن گنج ضلع میں بی جے پی کی حالت کافی خستہ ہے۔ ایم جی ایم میڈیکل کالج کے ڈاکٹر دلیپ جیسوال کے علاوہ جو یہاں سے بی جے پی کے واحد ایم ایل سی ہیں، یہاں سے نہ تو بی جے پی کا کوئی ایم ایل اے ہے اور نہ ہی کوئی ایم پی۔ کشن گنج ضلع کی 4 میں سے 3 اسمبلی سیٹوں پر آر جے ڈی (اے آئی ایم آئی ایم کے دو ایم ایل اے) اور کانگریس کا قبضہ ہے، جب کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں جناب نریندر مودی کی زبردست لہر کے باوجود کانگریس کے ڈاکٹر محمد جاوید نے کشن گنج لوک سبھا سیٹ جیت لی تھی۔ کشن گنج پورے بہار میں عظیم اتحاد (مہاگٹھ بندھن) کی واحد جیتنے والی لوک سبھا سیٹ ہے۔
سیمانچل کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے
حال ہی میں مغربی بنگال کے کوچ بہار میں منعقد ایک پروگرام میں بی جے پی کے ایک لیڈر نے سیمانچل کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ (یونین ٹیریٹری) بنانے کا پرزور مطالبہ کیا تھا۔ اس پروگرام میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نشیت پرمانک بھی موجود تھے۔ نوبھارت ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق، وزیر مملکت برائے داخلہ نشیت پرمانک نے زوردار تالیاں بجا کر اس مطالبے کی حمایت کی تھی۔
واضح رہے کہ قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے مغربی بنگال کے مرشد آباد سے لے کر شمالی بنگال تک کئی ایم ایل اے اور ایم پی ان علاقوں کو یونین ٹیریٹری بنانے کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں۔ اگر مستقبل میں ان علاقوں کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا جاتا ہے تو بہار کے پورنیہ کے ساتھ ساتھ کشن گنج بھی اس سے منسلک ہو جائے گا۔ اس لیے پہلے ہی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وزیر داخلہ امت شاہ کے اگلے دورۂ کشن گنج کے دوران بھی یہ ایک اہم مسئلہ ہو سکتا ہے۔
کشن گنج بہار کا غریب ترین ضلع، سیمانچل غریب ترین خطہ: نیتی آیوگ کی تازہ رپورٹ