خواتین تنظیم نے ‘ناخواندگی سے آزادی: ہر شخص 10 کو پڑھائے’ سال بھر چلنے والی ایک قومی مہم کا آغاز کیا ہے
نئی دہلی: ویمن ایجوکیشن اینڈ امپاورمنٹ ٹرسٹ (TWEET) نے ‘ناخواندگی سے آزادی: ہر شخص 10 کو پڑھائے’ سال بھر چلنے والی ایک قومی مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس مہم کا آغاز آج پریس کلب آف انڈیا میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے کیا گیا۔
اس سلسلے میں، TWEET کی چیئر پرسن رحمت النساء نے میڈیا کے سامنے مہم کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس مہم کا مقصد ملک بھر میں ناخواندہ بالغ خواتین کو خواندگی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل فیملی ہیلتھ سروے (NFHS-5) 2019-21 کے مطابق ملک میں بالغ خواتین (15-49 سال) میں خواندگی کی شرح 71.5 فیصد ہے جبکہ بالغ مردوں کی شرح خواندگی 87.4 فیصد ہے۔
انہوں نے مزید کہا، ‘TWEET نے یہ مہم ایک ایسے وقت میں شروع کی ہے جب ملک اس سال 15 اگست کو اپنا 76 واں یوم آزادی منانے کے لیے تیار ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد ملک بھر کی تعلیم یافتہ خواتین کو اس اقدام کے لیے رضاکار کے طور پر شامل کرنا ہے۔ ایک پڑھی لکھی عورت کو کم از کم 10 ناخواندہ بالغ خواتین کو تعلیم دینی چاہیے اور ان کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔
اس موقع پر TWEET کی جنرل سیکرٹری شائستہ رفعت نے کہا، ‘ہم پورے ملک کو ناخواندگی سے نکالنا چاہتے ہیں، ہم گھر گھر جائیں گے، رضاکاروں کو ساتھ لے کر جائیں گے، ان کی تربیت کریں گے اور ان کو اعزاز سے بھی نوازیں گے’۔
TWEET وژن 2026’ کی شراکت دار تنظیموں میں سے ایک ہے جسے ‘وژن 2026’ کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کی پہل کرنے کے لیے اسے تشکیل دیا گیا ہے۔ TWEET کی نیشنل کوآرڈینیٹر ہدا، ٹریژر شرانا متھو پریس کانفرنس میں موجود تھیں۔