دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس سنجیو نرولا نے عرضی کو خارج کرنے کے بعد کہا کہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ اب بہت دیر ہو چکی ہے
نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو قومی اہلیت کے داخلہ امتحان-گریجویٹ لیول ( نیٹ۔ یو جی) کے 17 جولائی کو ہونے والے سال 2022 کے امتحان کو ملتوی کرنے کی درخواست کو خارج کر دیا۔
دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس سنجیو نرولا نے عرضی کو خارج کرنے کے بعد کہا کہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے۔ عدالت نے کہا کہ اب بہت دیر ہو چکی ہے۔ جسٹس نرولا نے کہا کہ اگر طلبا کے علاوہ کوئی درخواست گزار ہوتا تو عدالت درخواست کو خارج کر دیتی اور اس پر بھاری جرمانہ عائد کر دیتی۔
طلبا پر کافی زیادہ دباؤ ہونے کی وکیل کی دلیل پر عدالت نے کہا کہ دباؤ سے صرف پڑھائی سے ہی نمٹا جا سکتا ہے۔ عدالت نے وکیل سے کہا ’’اپنے مؤکلوں سے مزید مطالعہ کرنے کو کہیں۔ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔
اتر پردیش، کیرالہ، آسام، جھارکھنڈ، تلنگانہ، بہار، ہریانہ، ہماچل پردیش، مہاراشٹر کے 15 طلباء نے نیٹ۔ یو جی 2022، جے ای ای 2022 اور سی یو ای ای 2022 کے امتحانات ملتوی کرنے کے لیے درخواستیں دائر کیں۔ درخواست میں سی یو ای ٹی، نیٹ اور جے ای ای کی تیاری کے لیے وقت کی کمی اور ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کا حوالہ دیا گیا ہے۔
طلباء کے پاس قومی سطح کے تین امتحانات کی تیاری کے لیے کافی وقت نہیں
درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ بورڈ کے امتحانات جون 2022 کے وسط میں ختم ہو چکے ہیں اور طلباء کے پاس قومی سطح کے تین امتحانات کی تیاری کے لیے کافی وقت نہیں ہے۔
ایڈوکیٹ نے کہا کہ درخواست گزاروں کی حقیقی اور درست شکایات سے واقف ہونے کے باوجود، جواب دہندگان نیٹ۔ یو جی 2022 کے ری شیڈولنگ کے بارے میں بروقت فیصلہ لینے میں ناکام رہے ہیں اور 11 جولائی تک طلباء کو ایڈمٹ کارڈ جاری نہ کرنے سے طلباء میں الجھن کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ اس سے لاکھوں طلبا کا ناقابل تلافی نقصان ہوگا اور ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ داخلہ امتحان کے لیے مقررہ تاریخ پر امتحان نہ لیا جائے اور چار سے چھ ہفتوں کے بعد اس کے انعقاد کی تاریخیں دوبارہ طے کی جائیں۔