آئی جے یو کے رہنماؤں نے محمد زبیر کی گرفتاری کے انداز پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ زبیر کو ایف آئی آر کی کاپی فراہم کیے بغیر گرفتار کیا گیا
حیدرآباد: انڈین جرنلسٹس یونین (آئی جے یو) نے بدھ کے روز آلٹ نیوز کے شریک بانی اور صحافی محمد زبیر کی گرفتاری پر سخت احتجاج کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
آئی جے یو کے صدر کے سرینواس ریڈی اور جنرل سکریٹری بلویندر سنگھ نے آج یہاں جاری ہونے والے بیان میں کہا کہ سب سے زیادہ قابل اعتراض بات یہ ہے کہ ایک طرف وزیر اعظم بیرون ملک جاکر اظہار رائے کی آزادی کے تحفظ کے عہد نامے پر دستخط کرتے ہیں۔ اور دوسری طرف ملک کے اندر موجود ایک صحافی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آئی جے یو کے رہنماؤں نے زبیر کی گرفتاری کے انداز پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ زبیر کو ایف آئی آر کی کاپی فراہم کیے بغیر گرفتار کیا گیا۔
آئی جے یو کے رہنماؤں نے الزام لگایا کہ صحافی محمد زبیر نے ملک میں گردش کرنے والی جھوٹی خبروں کی حقیقت کو بے نقاب کرکے حکومت سے دشمنی مول لی ہے۔ محمد زبیر کی گرفتاری سے پتہ چلتا ہے کہ مرکزی حکومت سچائی ظاہر کرنے اور لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنے میں کس قدر خائف ہے۔