پولیس غیر ضمانتی وارنٹ پر گرفتار جوان کو آگرہ لے کر آرہی ہے۔ پولیس کے مطابق جوان گمان سنگھ نے اگنی پتھ اسکیم کے سلسلے میں نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور انہیں مشتعل کرنے کے لئے وہاٹس ایپ پر انقلاب زندہ باد کے نام سے ایک گروپ بنایا تھا
آگرہ: اترپردیش کے ضلع آگرہ میں پولیس نے آرمی میں تقرری سے وابستہ مرکزی حکومت کی نئی سکیم اگنی پتھ کے خلاف نوجوانوں کو مشتعل کرنے کے الزام میں منگل کو فوج کے ہی ایک جوان کو پنجاب سے گرفتار کیا ہے۔
پولیس غیر ضمانتی وارنٹ پر گرفتار جوان کو آگرہ لے کر آرہی ہے۔ پولیس کے مطابق جوان گمان سنگھ نے اگنی پتھ اسکیم کے سلسلے میں نوجوانوں کو گمراہ کرنے اور انہیں مشتعل کرنے کے لئے وہاٹس ایپ پر انقلاب زندہ باد کے نام سے ایک گروپ بنایا تھا۔ موجودہ وقت میں وہ پنجاب میں تعینات ہے اور مستقل طور سے راجستھان کے کرولی کے مانڈئی گاؤں کا رہنے والا ہے۔
گمان سنگھ کے خلاف عدالت سے 26 جون کو غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہوئے۔ آگرہ پولیس کی رپورٹ کے بعد آرمی نے بھی جوان سے پوچھ گچھ کی۔ آج آگرہ پولیس کی ٹیم نے پنجاب سے گمان سنگھ کو گرفتار کرلیا ہے۔ آگرہ کے ایس پی ستیہ جیت گپتا نے بتایا کہ گمان کا بھائی فوج کا امتحان دے چکا تھا۔ اس کا فوج میں تقرری نہ ہوتے دیکھ کر گمان نے وہاٹس ایپ گروپ بنا کر نوجوانوں کو بھڑکایا تھا۔