تلنگانہ کے بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع کے راماگوڑم میں قبائلیوں کی جانب سے پرگتی بھون یاترا کے پروگرام میں قبائلیوں کی پولیس کے ساتھ بحث و تکرار ہوگئی جس کے بعد بعض قبائلیوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا
حیدرآباد: تلنگانہ کے بھدرادری کوتہ گوڑم ضلع کے راماگوڑم میں قبائلیوں کی جانب سے پرگتی بھون یاترا کے پروگرام میں کشیدگی پھیل گئی۔ اراضیات کے مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے شروع کردہ اس پروگرام میں پولیس نے آج صبح رکاوٹ پیدا کی۔ رامناپیٹ سے 200 افراد اراضیات کے مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے بچوں کے ساتھ حیدرآباد کے لئے روانہ ہوئے۔
انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اراضیات کے مسائل کے حل تک وہ اس پروگرام کو جاری رکھیں گے۔ رامناگوڑم سے حیدرآباد کی سمت پدیاترا کرنے والے کئی قبائلیوں کو اشواراو پیٹ کے حدود میں حراست میں لے لیاگیا جس کے نتیجہ میں کشیدگی پھیل گئی۔
قبائلیوں کی پولیس کے ساتھ بحث و تکرار ہوگئی جس کے بعد بعض قبائلیوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا۔ ان احتجاجیوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ان کی اراضیات کے مسائل ہیں جن کو ہنوز حل نہیں کیا گیا ہے۔ رامناگوڑم کے سرپنچ کی قیادت میں قبائلیوں نے احتجاج کا فیصلہ کیا تھا جس کے حصہ کے طور پر چلو پرگتی بھون پدیاترا نکالی گئی تھی۔