بہار اسمبلی میں فوج میں بھرتی کی نئی ’اگنی پتھ اسکیم‘ کی مخالفت میں اپوزیشن کا ہنگامہ وقفہ طعام کے بعد بھی جاری رہا، جس کی وجہ سے ایوان کی کاروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی
پٹنہ: بہار اسمبلی میں مانسون سیشن کے دوسرے دن سموار کو فوج میں بھرتی کی نئی ’اگنی پتھ اسکیم‘ کی مخالفت میں اپوزیشن کا ہنگامہ وقفہ طعام کے بعد بھی جاری رہا، جس کی وجہ سے ایوان کی کاروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
اسمبلی میں وقفہ طعام کے بعد کاروائی جب دوبارہ شروع ہوئی تو ایک مرتبہ پھر راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) سمیت پوری اپوزیشن اگنی پتھ اسکیم کو واپس لینے کے مطالبے پر شور و ہنگامہ کرنے لگی۔
ہنگامہ کے درمیان ہی ایکسائز اور امتناع منشیات کے وزیر سنیل کمار نے بہار چھوا کنٹرول ترمیمی بل 2022 ایوان میں منظوری کیلئے پیش کیا، جسے بغیر کسی بحث کے ایوان میں صوتی ووٹ سے پاس کر دیا گیا۔ شور و غل کے درمیان ہی وزیر نے بل سے متعلق اپنی باتیں رکھنے کی کوشش کی لیکن ہنگامہ میں ان کی باتیں نہیں سنی جاسکیں جس کے بعد انہوں نے اسمبلی اسپیکر سے اپنے تحریری بیان کو کاروائی کا حصہ بنانے کی درخواست کی۔
اسمبلی اسپیکر نے ان کی اس درخواست کو قبول کرلیا۔ اس بل کا مقصد گنا کسانوں کو ان کی پیدوار کی بہتر قیمت دلانے میں مدد کرنا ہے۔
بل کے پاس ہونے کے بعد اسمبلی اسپیکر وجے کمار سنہا نے فضائی آلودگی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر ایوان میں بحث کرانے کی آر جے ڈی رکن اسمبلی سمیر کمار مہا سیٹھ کی تجویز کو پیش کرنے کیلئے ان کا نام کئی مرتبہ پکارا لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔