اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بڑے پیمانہ پر احتجاج کے پیش نظر آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم ریلوے اسٹیشن کو بند کردیا گیا
حیدرآباد: اگنی پتھ اسکیم کے خلاف بڑے پیمانہ پر احتجاج کے پیش نظر آندھرا پردیش کے وشاکھا پٹنم ریلوے اسٹیشن کو بند کردیا گیا اور احتیاطی طور پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا۔
فوج میں بھرتی کے خواہشمندوں کی جانب سے بڑے پیمانہ پر احتجاج کے امکان سے متعلق انٹلی جنس کی اطلاع کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔ حکام نے ریلوے اسٹیشنوں کو بند کردیا اور ٹرینوں کو صبح سات بجے ہی روک دیا گیا۔
مسافرین کو صبح سات بجے تک ہی اسٹیشنوں میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ وجئے واڑہ سے آنے والی تمام ٹرینوں کو روک دیا گیا یا پھر ان کے رخ کو دوواڑہ ریلوے اسٹیشن کی سمت موڑ دیا گیا۔ ہوڑہ سے چلائی جانے والی ٹرینوں کے رخ کو کوتھا والاسا کی سمت موڑ دیا گیا۔
اسی دوران گنٹور میں بھی بڑے پیمانہ پر احتجاج کے امکان سے متعلق انٹلی جنس کی اطلاع کے بعد ہائی الرٹ کردیا گیا۔ حکام نے سیکوریٹی میں اضافہ کردیا اور ٹکٹس کی جانچ کے بعد ہی مسافرین کو ریلوے اسٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی۔ گنٹور میں تقریبا 20 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا جو گنٹور ریلوے اسٹیشن کی طرف بڑھنے کی کوشش کررہے تھے۔
گنٹور ریلوے اسٹیشن کے قریب احتجاج کے سلسلہ میں واٹس اپ کی پیامات کی اطلاعات کے پیش نظر یہ ہائی الرٹ کردیا گیا۔وجئے واڑہ، کرنول، تروپتی اور دیگر بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا۔