وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج صبح کابینہ کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے تمام محکموں سے کہا ہے کہ وہ 18 مہینوں میں کل 10 لاکھ نئی نوکریاں دیں
نئی دہلی: روزگار کے مواقع بڑھانے کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے درمیان مرکزی حکومت نے منگل کو کہا کہ اس کے مختلف محکمے اگلے ڈیڑھ سال میں 10 لاکھ نئی بھرتیاں کریں گے۔
میڈیا کو یہ معلومات دیتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ اس کی تفصیلات جلد ہی جاری کی جائیں گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج صبح کابینہ کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے تمام محکموں سے کہا ہے کہ وہ 18 مہینوں میں کل 10 لاکھ نئی نوکریاں دیں۔ اس کی تفصیلات کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کی سیکورٹی امور کی کمیٹی نے مسلح افواج میں سپاہیوں کی بھرتی کے لیے ایک نئی اسکیم اگنی پتھ کو بھی منظوری دی ہے، جس کے تحت پہلے سال میں تینوں خدمات میں 46,000 اگنیور بھرتی کیے جائیں گے۔
فوج میں ‘اگنی پتھ’ سے ‘اگنی ویر’ بھرتی کئے جائیں گے
حکومت نے تینوں فوجیوں میں جوانوں کی بھرتی کے عمل میں ایک بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اگنی پتھ کی نئی اسکیم کے تحت صرف چار برسوں کے لیے اگنی ویروں کی بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
منگل کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی سیکورٹی امور کی کمیٹی میں اس فیصلے کو منظوری دی گئی۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بعد میں تینوں افواج کے سربراہوں کی موجودگی میں ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔
انہوں نے کہا کہ اب تینوں فوجوں میں اگنی پتھ اسکیم کے تحت جوانوں یعنی اگنی ویروں کو بھرتی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد افواج کو فٹ، جوان اور جوش و جذبے سے بھرپور بنانا ہے۔ اس سے ملک کی سلامتی کا نظام مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ملک کی خدمت کا موقع ملے گا اور ان میں حب الوطنی کا جذبہ بھی پیدا ہوگا۔
نوجوانوں کو فوج سے نکلنے کے بعد اچھی تنخواہ اور اچھی سروس فنڈ پیکج دیا جائے گا
مسٹر سنگھ نے کہا کہ اس اسکیم سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے اور چار سال بعد جب یہ نوجوان فوج سے باہر آئیں گے تو ملک کو مختلف ہنر سے لیس نوجوان کی افرادی قوت بھی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں کو فوج سے نکلنے کے بعد اچھی تنخواہ اور اچھی سروس فنڈ پیکج دیا جائے گا۔ اگر کسی بھی اگنی ویر کی فوج میں خدمات انجام دیتے ہوئے موت ہو جاتی ہے تو اس کے اہل خانہ کو بیمہ کی صورت میں کافی رقم دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم نوجوانوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی ممالک کی اسکیموں کا مطالعہ کرنے کے بعد تیار کی گئی ہے اور اسے کسی کی نقل نہیں کہا جا سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسکیم کو شک کی نگاہ سے نہیں دیکھا جانا چاہئے۔ قیاس آرائیاں نہ کرنے کے لیے حکومت نے افواج میں اخراجات اور بچت کو کم کرنے کے لیے یہ اسکیم لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی سلامتی کے لیے اخراجات کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ نئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کا تقرر جلد کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔