نازیبا ریمارکس: تشدد بھڑکانے والوں کو ممتا کی سخت وارننگ

محترمہ بنرجی نے ٹویٹ کیا کہ تشدد میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے گناہوں کی سزا عام آدمی کب تک برداشت کرے گا؟

کولکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتہ کو ہوڑہ ضلع کے کچھ حصوں میں عام زندگی کو متاثر کرنے والوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کے تشدد میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

محترمہ بنرجی نے ٹویٹ کیا کہ جیسا کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ ہوڑہ ضلع میں دو دنوں سے پرتشدد واقعات ہو رہے ہیں۔ اس کے پیچھے کچھ سیاسی جماعتوں کا ہاتھ ہے، جو چاہتے ہیں کہ ریاست میں تشدد پھوٹ پڑے، لیکن میں ایسے لوگوں پر واضح کردینا چاہتی ہوں کہ ایسی حرکتیں ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی اور تشدد میں ملوث افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے گناہوں کی سزا عام آدمی کب تک برداشت کرے گا؟

قابل ذکر ہے کہ پیغمبر اسلام کے خلاف بی جے پی لیڈروں کے نازیبا ریمارکس اور انہیں پارٹی سے نکالے جانے کے بعد بھی ملک میں اور خاص طور پر اتر پردیش اور دارالحکومت دہلی میں تشدد پھوٹ پڑا۔ اس کا اثر مغربی بنگال میں بھی نظر آیا اور ان لیڈروں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کچھ لوگوں نے ہوڑہ ضلع کے کئی حصوں میں ہائی وے ٹریفک اور ریل گاڑیوں کو روک دیا۔ جمعہ کو ان مظاہروں کے پرتشدد ہونے کے بعد ہوڑہ ضلع انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی اور ضلع کے تشدد سے متاثرہ علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات کو بھی معطل کر دیا۔