ہفتہ, اپریل 1, 2023
Homeسیاستنوپور شرما کی گرفتاری کا اویسی نے کیا مطالبہ

نوپور شرما کی گرفتاری کا اویسی نے کیا مطالبہ

صدر مجلس بیرسٹر اویسی نے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کرنے والی بی جے پی کی معطل قومی ترجمان نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے

حیدرآباد: بیرسٹر اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد و صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین نے محسن انسانیت حضور اکرم ؐ کی شان میں گستاخی کرنے والی بی جے پی کی معطل قومی ترجمان نوپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے پارٹی ہیڈکوارٹرس دارالسلام میں پیر کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی پر نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر اسلامی ممالک نے ہندوستانی سفرا کو طلب کرتے ہوئے احتجاج درج کروایا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں بے عزت ہوگیا ہے۔ ملک کی خارجہ پالیسی برباد ہوگئی ہے۔ نوپور شرما کی معطلی کافی نہیں ہے بلکہ ان کو گرفتار کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نوپور شرما کو پارٹی کی اعلی قیادت کی حمایت حاصل ہے۔ بی جے پی جان بوجھ کر اپنے ترجمانوں کو ٹی وی مباحث میں بھیجتی ہے تاکہ وہ اشتعال انگیز بیانات دیں۔ کویت، قطر اور سعودی عرب جیسے ممالک نے شرما کے ان خیالات پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے بیانات جاری کئے ہیں۔ قطر اور کویت نے ہندوستانی سفرا کو طلب کرتے ہوئے احتجاجی نوٹ انہیں حوالے کئے ہیں۔

صدر مجلس نے گزشتہ روز اس مسئلہ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہمارے ملک کی ایک سفارتی ناکامی ہے۔ اس کے لئے مودی حکومت کے عناصر ذمہ دار ہیں۔ بیرسٹر اویسی نے ایک اور ٹویٹ میں واضح کیا تھا کہ بی جے پی کا کہنا ہے کہ گستاخی کرنے والے حاشیہ بردار اور گڑبڑ کرنے والے عناصر ہیں جبکہ ان کا تعلق راست پارٹی سے ہے اور وہ پارٹی کے ترجمان ہیں۔

حکومت ہندوستانی مسلمانوں کی فکر کرنے کے بجائے بیرون ممالک کے رد عمل سے خوفزدہ

انہوں نے کہا کہ ان کی پشت پناہی کوئی اور نہیں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کرتے ہیں۔ اسی لئے پولیس نے ان میں سے کسی کو اب تک گرفتار نہیں کیا ہے۔ حکومت کی سرپرستی کی وجہ سے ہی چھوٹے ساورکر نفرت پھیلا رہے ہیں۔ اگر نسل کشی کے لئے اکسانے والی گیانگ کو سزا دی جاتی تو بی جے پی کے ترجمانوں کی جانب سے محسن انسانیت حضور اکرمؐ کی شان میں ٹی وی کے مباحث میں توہین نہیں کی جاتی۔ اس طرح کی حرکت سے ہندوستان کے 20 کروڑ مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

بیرسٹر اویسی نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ مرکزی حکومت ہندوستانی مسلمانوں کی فکر کرنے کے بجائے بیرون ممالک کے رد عمل سے خوفزدہ ہے۔

Stay Connected

1,388FansLike
170FollowersFollow
441FollowersFollow
RELATED ARTICLES

Stay Connected

1,388FansLike
170FollowersFollow
441FollowersFollow

Most Popular

Recent Comments