بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے آج یہاں ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں پارٹی کے حامیوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام مذاہب اور فرقوں کا احترام کریں اور کسی دوسرے مذہب اور اس کے پیروکاروں کی تذلیل یا توہین کرنے کی کوشش نہ کریں
نئی دہلی: وارانسی، کانپور اور دیگر مقامات پر بڑھتی ہوئی فرقہ وارانہ کشیدگی کے درمیان حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتوار کو کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور کسی بھی مذہب یا اس کے پیروکاروں کی توہین کرنے کے خلاف ہے۔
بی جے پی کے جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے آج یہاں ایک پریس ریلیز جاری کی جس میں پارٹی کے حامیوں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام مذاہب اور فرقوں کا احترام کریں اور کسی دوسرے مذہب اور اس کے پیروکاروں کی تذلیل یا توہین کرنے کی کوشش نہ کریں۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کسی بھی مذہب کی توہین کرنے کی سخت مذمت کرتی ہے
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کی ہزاروں سال کی تاریخ میں یہاں ہر مذہب پروان چڑھا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ہر مذہب کا احترام کرتی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کسی بھی مذہب اور اس مذہب کے کسی بھی فرد کی توہین کرنے کی سخت مذمت کرتی ہے۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کسی بھی ایسے نظریے کی سختی سے مخالفت کرتی ہے جو کسی دوسرے مذہب یا فرقے کی توہین یا تذلیل کرے۔ بی جے پی ایسے کسی فلسفے یا شخص کی حوصلہ افزائی نہیں کرتی ہے۔
بی جے پی نے کہا کہ ہندوستان کے آئین میں ہر شہری کو اپنی پسند کے کسی بھی مذہب پر عمل کرنے اور ہر مذہب کا احترام کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ آج جب ہندوستان اپنی آزادی کی 75ویں سالگرہ منا رہا ہے، ہم ایک عظیم ہندوستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں جہاں تمام شہری برابر ہوں اور ہر شہری کو عزت کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔ جہاں تمام شہری ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کے تئیں پرعزم ہوں اور وہ ہندوستان کی ترقی کے فوائد سے لطف اندوز ہوسکیں۔
اس ریلیز کے ذریعے بی جے پی نے ملک اور بیرون ملک سیاسی تنقید کو بھی پرسکون کرنے کی کوشش کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آر ایس ایس کے سرسنگھ چالک موہن بھاگوت نے بھی حال ہی میں کاشی وشوناتھ مندر گیان واپی تنازعہ کے حوالے سے ایک بیان دیا تھا، جس میں انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں کو ہندو آباؤ اجداد کی اولاد قرار دیا تھا اور انہیں حملہ آوروں کو مندروں کی تباہی کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔