ہفتہ, اپریل 1, 2023
Homeقومیگیان واپی معاملے میں فرائض کی انجام دہی میں لاپرواہی برتنے کی...

گیان واپی معاملے میں فرائض کی انجام دہی میں لاپرواہی برتنے کی وجہ سے ہٹائے گئے ایڈوکیٹ کمشنر

وارانسی میں گیان واپی مسجد احاطے کی ویڈیو گرافی سروے کرائے جانے کے معاملے میں مقامی عدالت نے ایڈوکیٹ کمشنر اجئے مشرا کو کام میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں فوری اثر سے ہٹا دیا

وارانسی: اترپردیش کے ضلع وارانسی میں گیان واپی مسجد احاطے کی ویڈیو گرافی سروے کرائے جانے کے معاملے میں مقامی عدالت نے منگل کو ایڈوکیٹ کمشنر اجئے مشرا کو کام میں لاپرواہی برتنے کے الزام میں فوری اثر سے ہٹا دیا۔

سروے رپورٹ اب خصوصی ایڈوکیٹ کمشنر وشال سنگھ اپنے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ کمشنر کے تعاون سے عدالت میں پیش کریں گے۔ اس کے لئے انہیں دو دنوں کا اضافی وقت دیا گیا ہے۔ سول جج (سینئر ڈویژن) روی کمار دیواکر کی عدالت نے ویڈیو گرافی سروے کی رپورٹ پیش کرنے کے لئے خصوصی ایڈوکیٹ کمشنر وشال سنگھ اور اسسٹنٹ ایڈوکیٹ کمشنر اجئے پرتاپ سنگھ کو دو دن کا وقت دیا ہے۔ عدالت نے دونوں کو یہ سروے رپورٹ 19 مئی تک عدالت کے سامنے پیش کرنے کو کہا ہے۔

آج سماعت میں عدالت نے وشا سنگھ کے ذریعہ پیش کی گئی عرضٰ میں مشرا کے ذریعہ تعاون نہ کرنے اور ذاتی کیمرہ میں رکھ کر اس کے ذریعہ سے ویڈیو گرافی کی جانکاریاں میڈیا کو دینے کی شکایت پر مشرا کو عہدے سے ہٹا دیا۔ آج کی سماعت میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے سرکاری وکیل اور مدعی فریق کے وکیل نے اپنی عرضیاں پیش کیں جن پر عدالت نے متعلقہ فریقین سے ان کا موقف طلب کیا ہے۔

سرکاری وکیل نے اپنی عرضی میں وضو خانے (حوض) میں پانی کی دستیابی اور پاس میں واقع بیت الخلاء کا راستہ بند ہونے کی جانب عدالت کی توجہ مبذول کرائی۔ وکیل نے یہ بھی کہا کہ وضو خانہ (حوض) میں پانی کی کمی سے مچھلیوں کے مرنے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں عدالت سے ضروری احکامات جاری کرنے کی اپیل کی۔

مبینہ شیولنگ اور اس کے آس پاس کے مقام کا نیا سروے کرائے جانے کی اپیل

دوسری جانب مدعی فریق کی جانب سے نندی کے سامنے اور وضو خانہ (حوض) کے نزدیک روکاٹ ہٹانے کے لئے عدالت میں عرضی دی گئی۔ مدعی نے عدالت کو بتایا کہ وضو خانہ کے نزیک ایک اور تہہ خانہ ہے اور وہاں ملبہ جمع ہے۔ فریق نے مبینہ شیولنگ اور اس کے آس پاس کے مقام کا نیا سروے کرائے جانے کی بھی اپیل کی۔ ان درخواستوں پر عدالت نے دوسرے فریق سے اپنا اعتراض داخل کرنے کو کہا ہے۔ سماعت کی اگلی تاریخ 18 مئی مقرر کی گئی ہے۔

عدالت نے اس سے پہلے نامزد کئے گئے ایڈوکیٹ کمشنر اجئے کمار مشرا کے طرز عمل پر تلخ تبصرہ کیا۔ اسپیشل ایڈوکیٹ کمشنر وشال سنگھ نے بھی اجئے مشرا کے طرز عمل پر اعتراض کا اظہار کیا تھا۔ اس کا نوٹس لیتے ہوئے عدالت نے اجئے مشرا کو عہدے سے ہٹا دیا۔ عدالت کے حکم کے مطابق 12مئی کے بعد کے تمام سروے کاروائی کی رپورٹ خصوصی ایڈوکیٹ کمشنر اپنے دستخط سے داخل کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ مسلم فریق نے اجئے مشرا پر تفریق برتنے کا الزام لگایا تھا۔ جس کے بعد عدالت نے 12مئی کو خصوصی ایڈوکیٹ کمشنر وشال سنگھ کو نامزد کیا تھا۔ ان کے معاون کے طور پر اجئے پرتاپ سنگھ کو معاون ایڈوکیٹ کمشنر نامزد کیا گیا تھا۔

Stay Connected

1,388FansLike
170FollowersFollow
441FollowersFollow
RELATED ARTICLES

Stay Connected

1,388FansLike
170FollowersFollow
441FollowersFollow

Most Popular

Recent Comments