سرحدی ضلع کپوارہ میں تین دہشت گرد اعانت کار گرفتار: جموں و کشمیر پولیس

ایک پولیس ترجمان نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے سرحد پار سے اسلحہ و گولہ بارود اسمگل کرنے اور اس کی نقل و حمل میں ملوث تین دہشت گرد اعانت کاروں کو گرفتار کیا ہے

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے سرحدی ضلع کپوارہ میں سرحد پار سے اسلحہ و گولہ بارود اسمگل کرنے میں ملوث تین دہشت گرد اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے سرحد پار سے اسلحہ و گولہ بارود اسمگل کرنے اور اس کی نقل و حمل میں ملوث تین دہشت گرد اعانت کاروں کو گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ دہشت گرد اعانت کاروں کا ایک ماڈیول وادی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے لئے کام کر رہا ہے اور وہ سرحد پار سے اسلحہ و گولہ بارود اسمگل کرنے میں ملوث ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کرناہ کی ایک ٹیم نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مختلف علاقوں سے تین دہشت گرد اعانت کاروں کو گرفتار کیا۔

گرفتار شدگان کی شناخت محمد عامر ولد محمد شکور کلاس، نثار احمد ولد منظور احمد کلاس ساکنان ہیجترا کرناہ اور کفیل احمد ولد مرحوم عبدالرحیم بٹ ساکن سدھ پورہ کرناہ کے بطور کی گئی ہے۔

پولیس بیان میں کہا گیا کہ دوران پوچھ گچھ گرفتار شدگان کے انکشاف پر ایک چینی پستول، اس کا ایک میگزین اور 14 کاٹریج برآمد کی گئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔