پنجاب کے ضلع مکتسر میں بی جے پی رہنما وشال کامرا نے پیر کی دوپہر اپنے گھر میں زہر کھاکر خودکشی کرلی
مکستر: پنجاب کے ضلع مکتسر میں بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بھاجیومو) کے سابق ضلعی افسر اور بی جے پی نائب صدر وشال کامرا نے پیر کی دوپہر اپنے گھر میں زہر کھاکر خودکشی کرلی۔
پولیس نے منگل کو بتایا کہ گھریلو نوکرانی نے انہیں نازک حالت میں دیکھا اورفوراً ان کے گھروالوں کے مطلع کیا۔ اس کے بعد گھروالے انہیں نجی اسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی شہر کے بی جے پی رہنما اسپتال میں جمع ہونے لگے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے کی جانچ شروع کردی ہے۔پولیس نے بتایا کہ موقع پر خودکشی نوٹ کے علاوہ ایک خالی کالی بوتل بھی ملی ہے،جسے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔پوچھ گچھ کےلئے ان کا موبائل فون بھی ضبط کرلیا گیا ہے۔
مسٹر کامرا نے اپنی بیوی اور بچوں سے خطاب کرتے ہوئے خودکشی نوٹ میں لکھا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی کچھ برا نہیں کیا لیکن قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے لکھا، ’’میں 25 سال سے مسلسل بھگت رہا ہوں، میں نے کام پر لاکھوں روپے خرچ کئے ہیں۔‘‘ انہوں نے خودکشی نوٹ میں خودکشی کرنے کے لئے معافی بھی مانگی ہے۔