اتوار کو قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے باعث عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے تاہم وہ نگراں وزیر اعظم کی تقرری تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے
اسلام آباد: پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت والی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیر کو نگراں وزیر اعظم کے لئے سابق چیف جسٹس گلزار احمد کا نام تجویز کیا۔
یہ اطلاع سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے نگراں وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
انہوں نے کہا’’ پی ٹی آئی نے نگراں وزیر اعظم کے لیے دو نام صدر عارف علوی کو بھیجے ہیں۔
اے آر وائی نیوز نے سابق وزیر کے حوالے سے بتایا کہ مشترکہ اپوزیشن نے سات دن کے اندر ناموں کو حتمی شکل نہیں دی، اس لیے پی ٹی آئی کے تجویز کردہ ناموں میں سے سرفہرست امیدوار کو نگران وزیراعظم بنایا جائے گا۔
قبل ازیں مسٹر علوی نے مسٹر خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو مکتوب ارسال کر کے نگراں وزیر اعظم کی تقرری کے لیے تجاویز طلب کی تھیں۔
جیو نیوز کے مطابق اگر دونوں سیاست دان تین دن میں ایک نام پر اتفاق رائے پیدا نہیں کر پائے تو نگران وزیراعظم کی تقرری کی ذمہ دار پارلیمانی کمیٹی کو دو نام بھیجے گا۔ آٹھ رکنی پارلیمانی کمیٹی میں قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں کے ارکان شامل ہیں اور حکمران جماعت اور اپوزیشن کو یکساں نمائندگی حاصل ہے۔ اس کی تشکیل قومی اسمبلی کے سپیکر کریں گے۔
عمران نگراں وزیر اعظم کی تقرری تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے
اتوار کو قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے کے باعث مسٹر خان کو وزیراعظم کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے تاہم وہ نگراں وزیر اعظم کی تقرری تک اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
صدر سیکرٹریٹ کے مطابق ’’عمران احمد خان نیازی آئین پاکستان کے آرٹیکل 224 اے (4) کے تحت نگراں وزیر اعظم کی تقرری تک وزیر اعظم کے عہدے پر فائز رہیں گے۔
دریں اثناء قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم کی تقرری سمیت کسی عبوری انتظامات کے لیے کسی بھی مشاورت کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئین کی خلاف ورزی کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔