روس کے ساتھ جنگ یوکرین کی معیشت پر بھاری پڑ گئی، یوکرین کی وزارت اقتصادیات سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یوکرین کو اب تک 560 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے
کیف: یوکرین کی معیشت کو جنگ سے 560 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے اور آٹھ ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوئی ہیں۔ نقصانات کا یہ تخمینہ وزیر معیشت نے جاری کیا ہے۔
روس کے ساتھ جنگ یوکرین کی معیشت پر بھاری پڑ گئی۔ یوکرین کی وزارت اقتصادیات سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یوکرین کو اب تک 560 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔ روسی بمباری سے 8 ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہو گئیں اور ایک کروڑ سکوائر میٹر رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
ماریوپول شہر کی 40 فیصد عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں، 5 ہزار سے زائد شہری ہلاک ہوئے۔ ماریوپول کے میئر نے تمام شہریوں کے انخلاء کا مطالبہ کیا ہے، کیف میں شہری ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی، شہر کے اطراف روسی فوج نے گھیرا مزید تنگ کردیا۔
دریں اثنا جرمن چانسلر اولاف شولز کا کہنا ہے کہ یوروپی ممالک کو یوکرین کے مہاجرین کی آباد کاری کے لیے آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے مہاجرین کو یوروپی ممالک میں آبادی کے تناسب سے تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی۔ دوسری جانب جی سیون ممالک نے روس کو گیس کے بدلے روبل میں ادائیگی سے انکار کردیا۔ کریملن کا کہنا ہے کہ جو ملک روبل میں ادائیگی نہیں کرے گا اس کی گیس روک دی جائے گی۔
روس اور یوکرین کے مذاکرات کا ایک اور دور آج ترکی کے شہر استنبول میں ہوگا۔ کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے، اس لیے صدر پیوتن اور صدر زیلنسکی کی ملاقات کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے حالات کس کروٹ بیٹھیں گے کچھ کہا نہیں جاسکتا۔