سینٹرل ایمپلائز یونائیٹڈ فرنٹ‘ کی کال پر اس ہڑتال میں بینک، ایل آئی سی، بی ایس این ایل، روڈ ویز، ٹرانسپورٹ اور بجلی سمیت کئی اداروں کے ملازمین شرکت کریں گے
بیکانیر: مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف، مرکزی مزدور تنظیموں نے 28 اور 29 مارچ کو ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے۔
’سینٹرل ایمپلائز یونائیٹڈ فرنٹ‘ کی کال پر اس ملک گیر ہڑتال میں بینک، ایل آئی سی، بی ایس این ایل، روڈ ویز، ٹرانسپورٹ اور بجلی سمیت کئی اداروں کے ملازمین شرکت کریں گے۔
یہ اطلاع دیتے ہوئے ممتاز بینک ورکر لیڈر کام وائی کے شرما یوگی، ریلوے اسٹاف لیڈر انل ویاس، آئی این ٹی یو سی لیڈر ہیمنت کیراڈو، اشوک پروہت نے مشترکہ طور پر صحافیوں کو بتایا کہ پہلے دن بند کے دوران ضلع کلکٹریٹ کے سامنے ہڑتالی اہلکاروں کی ریلی کے طور پر ضلع کلکٹر احاطے کا چکر لگاتے ہوئے وہ کلکٹریٹ پہنچیں گے اور صدر جمہوریہ کو میمورنڈم سونپیں گے۔ وہیں دوسرے دن ورکر گراؤنڈ میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اس ہڑتال میں منظم اور غیر منظم شعبے کے اہلکار زیادہ سے زیادہ تعداد میں حصہ لے رہے ہیں۔ ٹریڈ یونینوں نے ٹریڈ یونین ایکٹ 1926 میں مجوزہ ترامیم کی بھی مخالفت کی ہے۔
اس ہڑتال میں مشترکہ فورمس میں آئی این ٹی یو سی (انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس)، اے آئی ٹی یو سی (آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس)، ایچ ایم ایس (ہند مزدور سبھا)، سی آئی ٹی وی (سینٹر آف انڈین ٹریڈ یونینس )، اے آئی یو ٹی یو سی (آل انڈیا یونائیٹڈ ٹریڈ یونین سینٹر)، ٹی یو سی سی (ٹریڈ یونین کوآرڈینیشن سینٹر)، ایس ای ڈبلیو اے (سیلف ایمپلائیڈ ویمنز ایسوسی ایشن) وغیرہ شامل ہیں۔