پنجاب میں سیاسی تجربہ کرنے والی عام آدمی پارٹی نے تاریخ رقم کی، برسوں سے ریاست میں برسراقتدار کانگریس اور شرومنی اکالی دل کو لگا بڑا جھٹکا
چنڈی گڑھ: پنجاب میں سیاسی تجربہ کرنے والی عام آدمی پارٹی (عاپ) نے کانگریس اور شرومنی اکالی دل کے دہائیوں پرانے غلبہ کو تباہ کرتے ہوئے دو تہائی سے زیادہ سیٹوں پر فتح کا جھنڈا لہرایا ہے۔
حکمراں کانگریس پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ برسوں سے ریاست میں برسراقتدار کانگریس اور شرومنی اکالی دل کو دھچکا لگا ہے۔ وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی اور کانگریس صدر نوجوت سنگھ سدھو کے علاوہ کانگریس سے الگ ہو کر پنجاب لوک کانگریس پارٹی بنانے والے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ اور اکالی لیڈر پرکاش سنگھ بادل کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آپ نے 117 سیٹوں والی پنجاب اسمبلی میں 83 سیٹیں جیتی ہیں اور اس کے امیدوار نو اسمبلی حلقوں میں آگے ہیں۔
کانگریس نے صرف 14 سیٹیں جیتی ہیں اور اس کا امیدوار چار سیٹوں پر آگے ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے دو اور اکالی دل نے تین سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
آپ نے ان انتخابات میں پارٹی کے سینئر لیڈر بھگونت مان کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ بنایا تھا۔ مسٹر مان دھوری سیٹ سے 58,000 سے زیادہ ووٹوں سے جیت گئے ہیں۔