شیوموگا میں حجاب پر بات چیت کے دوران ایک طالبہ کی طرف سے وہاٹس ایپ گروپ میں پاکستان کا جھنڈا پوسٹ کرنے پر شروع ہوا تنازعہ زور پکڑنے لگا
شیوموگا: کرناٹک کے شیوموگا میں حجاب پر بات چیت کے دوران ایک طالبہ کی طرف سے وہاٹس ایپ گروپ میں پاکستان کا جھنڈا پوسٹ کرنے پر منگل کو شروع ہوا تنازعہ زور پکڑنے لگا ہے۔
اس معاملہ پر ضلع کے سہیادری سائنس کالج میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ اس کے خلاف طلبا مظاہرہ کررہے ہیں اور ملزم طالبہ کے خلاف انتظامیہ سے کارروائی کرنے کی مانگ کررہے ہیں۔ کالج کے طلبا نے اس معاملہ میں منگل کو بھی مظاہرہ کیا تھا اور ملزم طالبہ کے خلاف کارروائی کی مانگ کی تھی۔
مظاہرین طلبا ملزم طالبہ کے خلاف ملک سے غداری کا معاملہ درج کرنے اور اسے کالج سے برخاست کرنے کی مانگ کررہے ہیں۔ اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے کارکن بھی اس مظاہرہ میں شامل ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ حجاب کے معاملہ پر بات چیت کے دوران ایک طالبہ نے وہاٹس ایپ گروپ میں ہندوستانی پرچم پوسٹ کیا تو طالبہ نے اس کے جواب میں پاکستان کا جھنڈا پوسٹ کردیا۔
مظاہرین طلبا نے یونیورسٹی انتظامیہ کو ایک میمورنڈم سونپا ہے اور انتظامیہ نے ملزم طالبہ کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ کالج انتظامیہ اس معاملہ میں قانونی صلاح لے رہی ہے۔
خیال رہے کہ ہندو کارکن کے قتل کے بعد شیوموگا میں بڑے پیمانہ پر تشدد ہوا تھا۔