ضلع اعظم گڑھ میں سماج وادی پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے حامیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہونے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اور علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے
اعظم گڑھ: اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ کے سدھاری پولیس اسٹیشن علاقے کے شرف الدین پور گاؤں میں پولنگ اختتام پذیر ہونے سے کچھ دیر پہلے سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حامیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہونے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اور علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
پولیس نے بتایا پولنگ ختم ہونے کے آخری مرحلے میں اعظم گڑھ صدر سے ایس پی امیدوار درگا پرساد یادو اور بی جے پی امیدوار اکھلیش مشرا کے حامی ایک دوسرے کے سامنے آگئے اور تشدد پھوٹ پڑا۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر پتھر بازی کی جس میں کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ علاقے میں کشیدگی ہے اور ایس پی و بی جے پی امیدواروں نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس انوراگ آریہ نے بتایا کہ حالات کنٹرول میں ہے اور معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق پورے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے کہ کن وجوہات کی بنا پر یہ حالات پیدا ہوئے اور اسی کی بنیاد پر آگے کی کاروائی کی جائے گی۔ خاطیوں کے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔