انڈونیشیا کے پاپوا کے قصبے سورونگ کے ایک نائٹ کلب میں دو گروپوں کے درمیان خونریز جھڑپ میں 19 افراد ہلاک
جکارتہ: انڈونیشیا کے پاپوا کے قصبے سورونگ کے ایک نائٹ کلب میں منگل کو دو گروپوں کے درمیان خونریز جھڑپ میں 19 افراد ہلاک ہو گئے۔
صوبائی پولیس کے ترجمان اور سینئر کمشنر ایڈم ایرونڈی نے بتایا کہ ڈبل او ایگزیکٹیو کراؤکی اینڈ کلب میں آدھی رات کو دو گروپوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوئیں، جس میں ایک شخص ہلاک ہو گیا، اور پھر عمارت میں آگ لگنے تک ٹکراؤ جاری رہا۔
ایک پولیس افسر نے میٹرو ٹی وی کو بتایا ’’جھڑپ کے بعد عمارت سے 18 دیگر لاشیں ملیں، جس سے مرنے والوں کی تعداد 19 ہو گئی‘‘۔ ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ میں کئی دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تصاویر میں نائٹ کلب کے باہر کئی کاروں کو نذر آتش کیا گیا ہے۔