راجستھان کے بھرت پور میں ملزموں کو پکڑنے گئی پولیس ٹیم پر حملہ کیا گیا جس میں تین پولیس اہلکاروں کو چوٹیں آئیں۔
بھرت پور: راجستھان کے بھرت پور میں سیکری تھانہ علاقہ کے تحت کانگلا کے باس گاؤں میں آج ملزموں کو پکڑنے گئی پولیس ٹیم پر حملہ کیا گیا جس میں تین پولیس اہلکاروں کو چوٹیں آئیں اور پولیس کی گاڑی میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
پولیس نے حملہ آوروں کی شناخت کر لی ہے اور ان کے خلاف سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے کی شکایت درج کر لی ہے۔ تاہم اس واقعے کے بعد پولیس اہلکاروں کو گاؤں سے خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق پولیس نے لوگوں پر حملہ کرنے والے ملزم علیم اور عظمت کو پکڑنے کے لیے گاؤں میں ان کے گھر پر چھاپہ مارا۔
بتایا گیا کہ پولیس نے جیسے ہی عظمت کو پکڑا، اس کے چیخنے کی آواز سن کر اس کے گھر والے ہاتھوں میں لاٹھی ڈنڈے لے کر آگئے اور پولیس پر حملہ کردیا۔
عظمت اور علیم کے گھر کی خواتین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ واقعے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ پولیس کی گاڑی کے شیشے سمیت گاڑی کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ پولیس اہلکار کسی طرح اپنی جان بچا کر موقع سے واپس آگئے۔