ممبئی فائر بریگیڈ نے جلتی عمارت سے 40 سے زائد افراد کو زندہ بچالیا۔
ممبئی: ممبئی فائر بریگیڈ نے منگل کی صبح یہاں آگ لگنے والی عمارت کی چھت پر پھنسے 40 سے زائد افراد کو زندہ بچالیا۔
بی ایم سی ڈیزاسٹر کنٹرول کے مطابق، صبح 10.15 بجے کے قریب ممبئ کے مغربی مضافاتی علاقے کاندیولی میں واقع جن کلیان نگر میں مہاڈا کی ایک پرانی 7 منزلہ عمارت کے نچلے منزلے پر نصب کئے گئے برقی میٹر روم میں آگ لگ گئ۔
نچلے منزلے پر لگنے والی آگ کو اور بھڑکتے ہوئے شعلوں کو دیکھکر عمارت کے خوف زدہ مکینوں نے چھت پر جاکر پناہ لینے میں عافیت سمجھی اسکے بعد فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا۔
ایم ایف بی کے فائر فائٹرز نے برقی سیڑھیوں کا استعمال کرکے چھت پر پھنسے کم از کم 40 افراد کو بچایا اور جبکہ دیگر مکین آگ کا مقابلہ کرتے رہے۔
حکام نے بتایا کہ 5 افراد دم گھٹنے سے زخمی ہوئے اور انہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جب کہ آگ لگنے کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔