ناگالینڈ کے مون ضلع کے اوٹنگ گاؤں میں سیکیورٹی فورسز کی مہم کے دوران 10 شہری ہلاک جب کہ ایک جوان کی موت ہوگئی۔
کوہیما/ نئی دہلی: ناگالینڈ کے مون ضلع کے اوٹنگ گاؤں میں سیکیورٹی فورسز کی مہم کے دوران 10 شہری ہلاک جب کہ ایک جوان کی موت ہوگئی۔
ناگالینڈ کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو نے واقعہ کو افسوسناک بتاتے ہوئے اس کی جانچ کے لیے خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
فوج نے ایک بیان جاری کرکے واقعہ پر ’گہرے رنج و غم‘ کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی اس واقعہ پر اظہار تاسف کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
شہریوں کی اموات کی تعداد کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم سیکیورٹی فورسز کے مطابق مبینہ طور پر کم سے کم دس افراد کی موت ہوئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز مون ضلع کے تیزت سب ڈویزن کے لونگ کھاؤ علاقہ کے اوٹنگ گاؤں میں سنیچر کو شام چار بجے این ایس سی این (کے) کے مشتبہ زیر زمیں تخریب کاروں کو تلاش کررہی تھی۔ تاہم واقعہ کی اطلاع اتوار کو موصول ہوئی۔ اس واقعہ میں کم سے کم 20 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی تنظیموں نے دعویٰ کیا ہے کہ 14 شہری لاپتہ ہیں اور فوج کے جوان دیر رات تک لاشوں کو لے جاتے دیکھے گئے تھے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مون ضلع انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر پورے ضلع میں انٹرنیٹ سروس پر روک لگادی ہے۔