ترنمول کانگریس کی توسیع کے مشن پر دہلی میں ممتا بنرجی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے سے قبل بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی سے ملاقات کی۔
کلکتہ: ترنمول کانگریس کی توسیع کے مشن پر دہلی میں موجود وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے آج شام 5 بجے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے سے قبل بی جے پی کے راجیہ سبھا رکن اور اپنی ہی حکومت کے خلاف تبصرہ کرنے کے لئے مشہور سبرامنیم سوامی سے ملاقات کی۔
سبرامنیم سوامی نے ممتا بنرجی سے ملاقات کرنے کے بعد کہا ہے کہ وہ اپنی سائیڈ نہیں تبدیل کر رہے ہیں۔ پہلے بھی وہ ممتا بنرجی کی طرفداری کی ہے۔ مجھے سائیڈ بدلنے کی ضرورت نہیں ہے۔
سخت گیر نظریات کی وجہ سے مشہور سبرامنیم سوامی کے حالیہ دنوں میں بی جے پی سے تعلقات میں سرد مہری آئی ہے۔ انہیں گزشتہ دنوں بی جے پی کی آل انڈیا ورکنگ کمیٹی سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ پہلے بھی کئی بار عوام میں ممتا کی تعریف کرچکے ہیں۔
وزارت خارجہ سے ممتا بنرجی کو روم کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں ملنے پر سوامی نے مرکزی حکومت کی سخت تنقید کی تھی۔ کل ممتا بنرجی نے کانگریسی لیڈران کرتی آزاد، اشوک تنور اور سابق جے ڈی یو لیڈر پون ورما کو ترنمول کانگریس میں شامل کرایا تھا۔