کولگام میں دو الگ الگ تصادم آرائیوں میں ٹی آر ایف کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک: آئی جی کشمیر

کولگام کے پمبائی اور گوپال پورہ علاقوں میں دو الگ الگ تصادم آرائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

سری نگر: جنوبی ضلع کولگام کے پمبائی اور گوپال پورہ علاقوں میں دو الگ الگ تصادم آرائیوں کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی جی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ ’سیکیورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد بدھ کی شام کو ضلع کولگام کے پمبائی اور گوپال پورہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ جونہی سیکیورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقامات کے قریب پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ چنانچہ حفاظتی عملے نے بھی جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کئی منٹوں تک دو بدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔

آئی جی کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ ’تصادم آرائیوں کے دوران چار ملی ٹینٹ مارے گئے جن میں سے ایک کی شناخت ٹی آر ایف کمانڈر آفاق سکندر کے بطور ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ جھڑپوں کے دوران مارے گئے تین ملی ٹینٹوں کی شناخت اور اُن کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پمبائی اور گوپال پورہ علاقوں میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق گاﺅں میں اور ایک ملی ٹینٹ چھپا بیٹھا ہیں جس کو مار گرانے کی خاطر کارروائی جاری ہے۔