ایم پی جانگڑا کے پروگرام کی مخالفت کرنے آئے کسانوں پر لاٹھی چارج

کسان ایم پی رام چندر جانگڑا کے پروگرام کی مخالفت کرنے پہنچے جہاں پولیس سے ان کا تصادم ہوا۔ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔

حصار: تین مرکزی زرعی قوانین کی مخالفت میں کسان تحریک کے تحت آج کسان ایم پی رام چندر جانگڑا کے پروگرام کی مخالفت کرنے پہنچے جہاں پولیس سے ان کا تصادم ہوا۔ پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا۔

راجیہ سبھا رکن اور بی جے پی لیڈر جانگڑا کا آج حصار ضلع کے نارنوند گاؤں میں وشو کرما دھرم شالا کا سنگ بنیاد رکھنے کا پروگرام تھا۔ کسانوں کو جب اس کی بھنک لگی تو وہ بڑی تعداد میں جمع ہوکر ان کی مخالفت کرنے کے لیے وہاں پہنچے۔

کسان کالے جھنڈے لیے ہوئے تھے اور انہوں نے ایک گلی کو جہاں سے ایم پی کو گزرنا تھا، ٹریکٹر لگاکر بند کردیا۔ ادھر پولیس بھی موقع پر پہنچی اور پولیس و مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ جس میں بی جے پی لیڈر کی گاڑی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا جس میں کچھ کسانوں کو چوٹ آئی۔ دو مظاہرین کو حراست میں لیا گیا ہے۔

بعد میں کسانوں نے احتجاجاً حصار ۔ دہلی روڈ پر واقع رامائن ٹول پلازہ پر جام لگادیا جس سے سینکڑوں گاڑیاں قومی شاہ راہ پر پھنس گئیں۔