پنجاب کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے چرنجیت سنگھ چنی

چرنجیت سنگھ چنی آج پنجاب کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔

چنڈی گڑھ: چرنجیت سنگھ چنی (58) جو پنجاب کی سبکدوش کیپٹن امریندر حکومت میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اور انڈسٹریل ٹریننگ کے وزیر تھے، آج پنجاب کے 17 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب راج بھون میں صبح 11 بجے رکھی گئی ہے جہاں گورنر بنواری لال پروہت مسٹر چنی کو اپنے عہدے کا حلف دلائیں گے۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی امور کے انچارج ہریش راوت، پارٹی کے مرکزی مبصر اجے ماکن اور ہریش چودھری اور کیپٹن امریندر سنگھ سمیت پارٹی کے ایم ایل اے اور دیگر سینئر لیڈرز اور سرکردہ شخصیات بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔

نائب وزرائے اعلیٰ کے حلف برداری کے بارے میں فیصلہ حلف برداری سے عین قبل لیا جاسکتا ہے

فی الوقت مسٹر چنی کے ہی بطور وزیر اعلیٰ حلف لینے کی بات سامنے آ رہی ہے۔ تاہم، ان کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ کے حلف برداری کے بارے میں آوازیں باز گشت کر رہی تھیں، جس میں وزیر خوراک، سپلائی اور صارفین امورکے وزیر بھارت بھوشن آشو اور سماجی تحفظ، خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر ارونا چودھری کے نام سامنے آئے تھے۔ ہائی کمان کی جانب سے اشارے یا حکم ملنے پر اس بارے میں فیصلہ حلف برداری سے عین قبل لیا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل مسٹر چنی کو گزشتہ اتوار کو پنجاب کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا، جس کی اطلاع مسٹر راوت نے ٹویٹ کے ذریعہ دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ مسٹر چنی کو پارٹی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر منتخب ہونے کے بعد مسٹر چنی مسٹر راوت اور ریاستی کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو کے ہمراہ راج بھون پہنچے اور حکومت بنانے کے لیے ایم ایل اے کی حمایت کا خط گورنر کو دیا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے اپنا نام فائنل کرنے پر پارٹی ہائی کمان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

چمکور صاحب اسمبلی حلقہ سے تین بار ایم ایل اے رہنے والے مسٹر چنی کو 16 مارچ 2017 کو کیپٹن حکومت میں کابینہ کا وزیر بنایا گیا۔ مسٹر چنی ’رامداسیا سکھ برادری‘ سے تعلق رکھتے ہیں اور درج فہرست ذات کے زمرے سے ہیں۔ وہ ریاست کے پہلے وزیر اعلیٰ ہوں گے اور کیپٹن امریندر کی جگہ لیں گے۔