پی جی میڈیکل ریزرویشن: سپریم کورٹ نے نئی رٹ پٹیشن پر مرکز سے جواب طلب کیا

سپریم کورٹ نے پی جی میڈیکل ریزرویشن سے متعلق 29 جولائی کے نوٹیفکیشن کے خلاف ایک نئی رٹ پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے جمعہ کے روز مرکز سے جواب طلب کیا۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورس میں داخلہ کے لیے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور اقتصادی طور پر پسماندہ طبقات (ای ڈبلیو ایس) کو ریزرویشن دینے کے 29 جولائی کے نوٹیفکیشن کے خلاف ایک نئی رٹ پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے جمعہ کے روز مرکز سے جواب طلب کیا۔

جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس بی وی ناگرتھنا کی ڈویژن بنچ نے مدھرا کویشور اور دیگر کی درخواستوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں پہلے ہی زیر التواء درخواستوں کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت دی۔

بنچ نے درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر ایڈوکیٹ شیام دیوان کو بتایا کہ اس نئی رٹ پٹیشن کو بھی پرانی درخواستوں کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ 6 ستمبر کو عدالت عظمی نے دو درخواستوں پر مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملے کی آئندہ سماعت کے لیے 20 ستمبر کی تاریخ طے کی تھی۔

اب اس درخواست پر بھی اسی تاریخ کو سماعت ہوگی۔

قابل ذکر ہے کہ 29 جولائی 2021 کو حکومت نے پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کورسوں میں داخلہ کے لیے او بی سی کو 27 فیصد اور ای ڈبلیو ایس کو 10 فیصد ریزرویشن دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔