راجستھان کے چھ اضلاع میں پنچایتی راج انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ سخت سیکیورٹی کے درمیان آج صبح 7.30 بجے شروع ہو گئی۔ پولنگ شروع ہوتے ہی آہستہ آہستہ پولنگ مراکز پر قطاریں لگنا شروع ہو گئی۔
جے پور: راجستھان کے چھ اضلاع میں پنچایتی راج انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ سخت سیکیورٹی کے درمیان آج صبح 7.30 بجے شروع ہو گئی۔
دوسرے مرحلے میں جے پور، جودھپور، بھرت پور، سوائی مادھوپور، دوسا اور سیروہی اضلاع کی 28 پنچایت کمیٹیوں کے 536 اراکین اور ان سے متعلق ضلع کونسل ممبران کے انتخابات کے لیے ووٹنگ پرامن طریقے سے شروع ہوئی جو شام 5.30 بجے تک جاری رہے گی۔ پولنگ شروع ہوتے ہی آہستہ آہستہ پولنگ مراکز پر قطاریں لگنا شروع ہو گئی۔
عالمی وبا کورونا کے پیش نظر کورونا رہنما خطوط کے تحت تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن پی ایس مہرا نے بتایا کہ 28 پنچایت کمیٹیوں میں 536 پنچایت کمیٹی ممبران کے لئے 1680 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
دس امیدوار بلامقابلہ منتخب
انہوں نے کہا کہ دس امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں تقریبا ساڑھے دس ہزار ای وی ایم مشینیں استعمال کی گئی ہیں جبکہ 35 ہزار سے زائد اہلکار انتخابات کے انعقاد میں لگائے گئے ہیں۔
مسٹر مہرا نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 3459 پولنگ مراکز پر 25 لاکھ 60 ہزار 153 رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے۔ ان میں 13 لاکھ 51 ہزار 866 مرد اور 12 لاکھ 8 ہزار 279 خواتین اور آٹھ دیگر ووٹر شامل ہیں۔
مسٹر مہرا نے ووٹروں سے پولنگ کے لئے پولنگ مراکز میں جانے سے پہلے ماسک لگانے، ہاتھوں کو سینی ٹائز کرنے اور قطار میں کھڑے رہنے کے دوران نشان زد دائروں پر کھڑے رہ کر مناسب سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپنی باری کا انتظار کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے بھی بچنا ہے اور ووٹ بھی دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر، امیدوار، حامی اور دیگر تمام لوگ کورونا سے متعلق تمام ہدایات پر سختی سے عمل کریں تو محفوظ ووٹنگ کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے تمام مراحل کی تکمیل کے بعد 4 ستمبر کو ضلعی صدر مقامات پر ووٹوں کی گنتی کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ یکم ستمبر کو ہوگی۔