افغان دارالحکومت کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد پہلا جمعہ آج ادا کیا گیا ہے، جس میں مساجد کے اماموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ شہریوں کو ملک نہ چھوڑنے کی تلقین کریں۔
کابل: افغانستان دارالحکومت کابل میں طالبان کے کنٹرول کے بعد آج پہلا جمعہ ادا کیا گیا ہے۔ جس میں مساجد کے اماموں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ شہریوں کو ملک نہ چھوڑنے کی تلقین کریں۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے کابل میں مبلغین کو پیغامات بھجوائے گئے جس میں مساجد کے امام سے توقع کی گئی ہے کہ وہ کابل اور ملک کے تمام صوبوں میں اسلامی نظام اور اتحاد کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔
طالبان کے پیغام میں مبلغین کو کہا گیا ہے کہ وہ شہریوں کو ملک و قوم کی ترقی کے کاموں میں حصہ لینے کی ترغیب دیں اور ساتھ ہی انہیں ملک سے فرار ہونے سے روکنے کی بھی تلقین کریں۔طالبان نے کہا ہے کہ آئمہ کرام شہریوں پر زور دیں کہ وہ دشمن کے منفی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔
دوسری جانب طالبان عہدیداران نے طالبان دہشت گردوں کو شہریوں کے ساتھ مساجد میں نماز جمعہ پڑھنے کی بھی اجازت دی ہے۔