امریکی محکمہ دفاع کے باہر ہوئی گولی باری میں ایک افسر کی موت ہوگئی ہے۔ اس واقعے میں ہلاک ہونے والے افسر کے اعزاز میں پینٹاگن میں جھنڈا سرنگوں کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع کے باہر ہوئی گولی باری میں ایک افسر کی موت ہوگئی ہے۔ پینٹاگن فورس پروٹیکشن ایجنسی (پی ایف پی اے) نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
ایجنسی کے افسر نے، منگل کے روز ٹویٹر پر ’’پی ایف پی اے پینٹاگن میں آج صبح پیش آئے واقعہ میں پینٹاگن پولیس افسر کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ہماری تعزیت اور دعائیں افسر کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ افسر کے بارے میں مزید تفصیلات ان کے گھر والوں کی اطلاع کے بعد دی جائیں گی‘‘۔
@PFPAOfficial mourns the tragic loss of a Pentagon Police Officer killed during this morning’s incident at the Pentagon. Our thoughts and prayers are with the Officer’s family. Additional info on the officer will be forthcoming, following full next of kin notification.
— Pentagon Force Protection Agency (Official) (@PFPAOfficial) August 3, 2021
اس سے قبل پینٹاگن پولیس چیف ووڈرو کوسے نے کہا تھا کہ محکمہ دفاع کی عمارت کے باہر ایک میٹرو بس پلیٹ فارم کے پولیس افسر پر حملہ کیا گیا تھا اور فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی مزید مشتبہ کو تلاش نہیں کر رہے ہیں اور کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس نے مشتبہ متوفی کی شناخت آسٹن ولیم لینج (27) کے طور پر کی ہے۔ وہ جارجیا کا رہائشی تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لینج نے پینٹاگن کے ایک پولیس افسر کی گردن پر چاقو سے حملہ کیا۔ جس کے بعد دیگر افسران نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ واقعے کے حالات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مقتول افسر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے اس واقعے میں ہلاک ہونے والے افسر کے اعزاز میں پینٹاگن میں جھنڈا سرنگوں کرنے کا بھی حکم دیا۔