راجستھان کے جودھ پور شہر میں مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی کنبے کے چار افراد کی موت ہو گئی۔ آگ گھر کے ایک کمرے میں لگی۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور ایف ایس ایل ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔
جودھ پور: راجستھان کے جودھ پور شہر میں مکان میں آگ لگنے سے ایک ہی کنبے کے چار افراد کی موت ہو گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پال روڈ پر واقع سبھاش نگر میں اتوار شام سبھاش چودھری کے مکان میں آگ لگنے سے بزرگ جوڑے سبھاش چودھری (81) اور نیلم چودھری (76)، ان کی بڑی بیٹی پلووی (50) اور چھوٹی بیٹی لاونیا (40) کی جھلس کر موت ہو گئی۔
کنبے میں بزرگ جوڑے کی ایک بیٹی معذور تھی اور دوسری بیٹی اسکول میں ٹیچر تھی۔ فی الحال آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ہمسایوں ںے گھر میں دھواں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی اور فائر بریگیڈ کی گاڑی نے آگ پر قابو پایا۔ آگ گھر کے ایک کمرے میں لگی۔ پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور ایف ایس ایل ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ عمر رسیدہ والدین اور معذور بہن کی دیکھ بھال پلوی ہی کرتی تھی۔ واقعہ کے بعد انتظامیہ اور پولیس کے اعلی عہدیداروں نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا۔