بی جے پی ایم ایل اے کی شادی میں کورونا قانون کی خلاف ورزی کی تحقیقات کا حکم

پونہ شہر کے پولیس کمشنر ڈاکٹر شیشوے نے بی جے پی رکن اسمبلی کی شادی کی تقریب میں کورونا قانون کی دھجیاں اڑانے اور تقریب میں مہمانوں کی اکثریت کو بغیر ماسک پہنے پائے جانے کی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔

ممبئ: مہاراشٹر کے پونہ شہر کے پولیس کمشنر ڈاکٹر شیشوے نے آج یہاں گذشتہ دنوں شہر میں منعقدہ بی جے پی کے رکن اسمبلی کی شادی کی تقریب میں کورونا بیماری سے متعلق معاشرتی دوری بنائے رکھنے والی رہنمایانہ ہدایتوں کی دھجیاں اڑانے اور تقریب میں مہمانوں کی اکثریت کو بغیر ماسک پہنے پائے جانے کی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔

شادی کی تقریب میں چندرکانت پاٹل اور دیویندر فڈنویس کی شرکت 

پولیس کمشنر نے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ کمشنر کو حکم دیا ہے کہ وہ اس ضمن میں تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ پیش کریں۔ واضح رہے کہ شادی کی اس تقریب میں ریاست کے بی جے پی کے سربراہ چندرکانت پاٹل اور سابق وزیر اعلی دیویندر فڈنویس نے بھی شرکت کی تھی۔

رام ستپوتے ریاست کے شولاپور شہر سے پہلی مرتبہ بی جے پی کی ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اتوار کے روز انکی شادی کا استقبالیہ پونہ شہر میں منعقد کیا گیا تھا جسکا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا اور وہ ریاست کے سیاسی گلیاروں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

ویڈیوز میں بی جے پی کے قدآور لیڈران بغیر ماسک پہنے نظر آئے

ویڈیوز میں بی جے پی کے قدآور لیڈران چندرکانت پاٹل، دیویندر فڈنویس، پرساد لاڑ اور دیگر کو بغیر ماسک پہنے لوگوں سے انتہائی قریب سے بات چیت کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا جو کورونا وبا کے دوران معاشرتی دوری بنائے رکھنے والے اصولوں کے خلاف ہے۔

مرکزی حکومت و ریاستی حکومتوں نے لاک ڈاؤن میں نرمی برتنے کے لئے جو رہنمایانہ خطوط مرتب کئے ہیں اسکے مطابق شادی کی تقریب سمیت کسی بھی سماجی تقریب میں صرف پچاس 50 افراد ہی کی اجازت دی گئی ہے۔ جبکہ مذکورہ شادی کی اس تقریب میں بیک وقت ہال میں سینکڑوں افراد موجود تھے۔